ایجنسیز
کیف// روس نے جمعرات کی صبح یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملہ کیا، جس میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 33 زخمی ہو گئے۔ یہ بات مقامی حکام نے بتائی۔یوکرین کی فضائیہ کے مطابق، فضائی دفاعی نظام نے رات بھر 693 اہداف کو مار گرایا یا ناکارہ بنایا، جن میں 41 میزائل اور 652 مختلف اقسام کے ڈرون شامل تھے۔ تاہم 15 میزائل اور 23 ڈرون 24 مقامات پر براہِ راست نشانہ لگانے میں کامیاب ہوئے، جبکہ تباہ شدہ ڈرونز کا ملبہ مزید 18 مقامات پر گرا۔یہ حملہ، جس میں کیف مرکزی ہدف تھا، بدھ کے روز دن کے وقت ہونے والے ایک نایاب بڑے ڈرون حملے کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا۔
یوکرینی حکام کے مطابق یہ کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے چین کے دورے اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے ردِعمل میں کی گئی۔یوکرین کے صدر نے کہا کہ اس حملے میں بیلسٹک اور کروز میزائل استعمال کیے گئے۔ انہوں نے کہا،’’یہ یقیناً اْن لوگوں کے اقدامات نہیں ہیں جو سمجھتے ہیں کہ جنگ ختم ہونے والی ہے۔‘‘انہوں نے عالمی شراکت داروں سے خاموش نہ رہنے اور یوکرین کے فضائی دفاع کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی۔یوکرین کی وزیرِ اعظم یولیا سویریدینکو کے مطابق، حملے میں شہری انفراسٹرکچر اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، اور کیف کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔کیف کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو کے مطابق شہر کے چھ اضلاع میں نقصان ہوا اور روس بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مسلسل حملے کر رہا تھا۔