رشوت خوری کے الزام میں ایس ایچ او نشاط معطل، تحقیقات کا حکم

 
سری نگر//ڈی پی ایل سری نگر کے ساتھ منسلک ہونے کے ایک دن بعد، اسٹیشن ہاوس آفیسرنشاط کو رشوت ستانی کے الزامات کی ابتدائی تحقیقات کے بعد ہیڈ کانسٹیبل کے ساتھ معطل کر دیا گیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے مبینہ طور پر ایک شخص سے رابطہ کیا اور اس سے رشوت کے طور پر رقم طلب کی۔
 
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ الزامات کی ابتدائی تحقیقات کو اب باقاعدہ محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے اور ان دونوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
 
افسر نے کہاکہ جبکہ ہیڈ کانسٹیبل کو ابتدائی تحقیقات میں ملوث پایا گیا تھا، لیکن ایس ایچ او کا کردار مشکوک پایا گیا تھا۔ اس لیے باقاعدہ محکمانہ انکوائری کی جائے گی۔
 
انہوں نے کہا کہ باقاعدہ محکمانہ انکوائری سے چیزیں "کرسٹل کلیئر" ہو جائیں گی اور اس کے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
 
پولیس افسر نے مزید کہا، جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
 
 انہوں نے مزید کہا، "عام عوام سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی غیر اخلاقی عمل کو پولیس کے نوٹس میں لائیں اور اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ "