پونچھ+راجوری //خطہ پیر پنچال میں رام نومی کا تہوار مذہبی جوش و خروش کیساتھ منایا گیا ۔اس سلسلہ میں راجوری او ر پونچھ کے متعدد علاقوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ضلع پونچھ میں رام نومی کا تہوارمذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔رام نومی کے موقعہ پر نوراتروں کے دوران گھروں میں بیجی گئی ساکھ کاوسرجن کیاگیا۔اس دوران پونچھ شہرمیں سناتن دھرم سبھا کی جانب سے ہر سال نکلنے والی شوبھایاترا کورنا وائرس کے پھیلا ئو کے پیش نظر نہیںنکالی گئی۔گیتا بھون پونچھ میں ضلع کی سب سے بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا یہاں بھی بہت کم لوگوں نے ایس او پیز پر عمل در آمد کرتے ہوئے شرکت کی۔واضح رہے کہ سناتن دھرم سبھا کی جانب سے پہلے ہی عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ رام نومی کا تہوار اپنے گھروں میں یا پھر گھروں کے نزدیک کے مندروں میں ہی منائیں اور اس دوران بھی احتیاطی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کیا جائے تاکہ یہ وبائی بیماری نہ پھلے اور سب لوگ اس مرض سے محفوظ رہ سکیں ۔گیتا بھون پونچھ میں منعقد تقریب کے دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رام نومی کا تہوار ہندو مت کا ایک اہم تہوار ہے جو رام کی یوم پیدائش کے موقع ر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام کی پیدائش ایودھیا کے راجا دشرتھ اور رانی کوشلیا کے یہاں ہوئی تھی۔ یہ تہوار نوراتری کا ایک حصہ ہے یہ ہندو تقویم کے ماہ چیت میں آتا ہے اور انگریزی تقویم میں ہر سال مارچ یا اپریل کے مہینے میں آتا ہے۔اس دوران رامائین کی کہانیاں اور رام کتھا کو بھی پڑھا گیا،جبکہ بھجن، کرتن اور آرتی بھی کی گئی ۔سناتن دھرم سبھا کے صدر ستیش ساسن نے کہا کہ ہمیں یہ تہواریاددہانی کراتاہے کہ ہمیشہ سچائی کی فتح ہوتی ہے۔ انہوں نے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے اْمید ظاہر کی کہ یہ تہوار پورے ملک کے لئے خوشحالی اور ترقی کا پیغام لے کر آئے گا۔مبارک بادی کے پیغام میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت اور ایس ایس پی پونچھ ونود کمار نے کہا ہے کہ مذہبی تہواروں کو مل جْل کر منانا پونچھ کی ثقافت کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔انہوں نے عوام کی خوشحالی کے لئے دْعا کی ہے۔راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں جھانکی بھی نکالی گئی جو کہ نوشہرہ مین چوک ،جھنگڑ چوک ،مندر ،گورودوارہ مارکیٹ وغیرہ سے گزرتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئی ۔جھانکی میں شامل عقیدت مند نعرے بھی لگا رہے تھے جبکہ مندروں میں بھی خصوصی پوجا کی گئی ۔