بانہال// جمعہ کی رات رام بن کے گاندھری بلاک ہیڈکوارٹر پر آگ کی ایک ہولناک واردات میں کم از کم چھ دکانیں اور ایک رہائشی مکان لاکھوں روپئے کے مال و اسباب سمیت جل کر راکھ ہوگئے ہیں۔ بلاک ہیڈکوارٹر کی مارکیٹ میں پیش آئے اس ہولناک واردات میں ایک آلٹو کار اور تین موٹر سائیکل بھی آگ کے شعلوں میں راکھ ہوئے۔ ضلع ہیڈکوارٹر رام بن سے آگ سے متاثرہ علاقہ گاندھری بہت دور ہے اور اس پاس کہیں فائر سروسز نہ ہونے کی وجہ سے رام بن سے فائر سروسز کی مشینری کو رابط سڑک کی تنگی کی وجہ سے تاخیر کا سامنا رہا۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کی ٹویٹ کے مطابق گاندری بلاک ہیڈکوارٹر کی آگ بجھانے پہنچی ایک فائر گاڑی کو نقصان بھی پہنچا ۔انہوں واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے اور سنیچر کے روز ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے دیگر افسروں کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لعل کو بچاؤ کاروائیوں اور نقصانات کا تخمینہ لگانے والی ٹیم کا نگران مقرر کیا۔