سرینگر// رام باغ میں غیر مقامی خاتون سے تین افراد کی اجتماعی زیادتی کی شکایت پر پولیس نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر تفتیش شروع کردی ہے۔سرینگر میں پریس انکلیو میں ایک غیر مقامی خاتون (نام معلوم نہیں) نے یہ الزام لگایا ہے کہ گذشتہ ماہ 7 مئی کی رات کو تین افراد نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔خاتون نے تینوں کی شناخت گورچرن سنگھ ، جان منظور اور ارشاد احمد ملک کے نام سے کی ہے۔اس موقع پر اس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ میں اور میرے دو چھوٹے بچے کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ گزشتہ ماہ 7 مئی کی رات تین افراد گورچرن سنگھ ، جان منظور اور ارشاد احمد نے ساڑھے گیارہ بجے زبردستی کمرے میں گھس کر میرے ساتھ جنسی زیادتی کی۔جس کے خلاف میں نے عورتوں کے لئے مخصوص پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی ہے جس کی میں فوری تحقیقات چاہتی ہوں کیونکہ مجھے دھمکیاں مل رہی ہیں۔.اس بارے میں جب کشمیر عظمی نے رام منشی باغ میں موجود عورتوں کے لئے مخصوص تھانہ کے انچارج سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ ہمارے پاس رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے ہم اس معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کریں گے۔