یواین آئی
نئی دہلی// سنگاپور کے صدر تھرمن شانموگرٹنم کا آج راشٹرپتی بھون میں روایتی انداز میں استقبال کیا گیا ۔ تھرمن ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کریں گے ۔راشٹرپتی بھون میں استقبال کے بعد سنگاپور کے صدر راج گھاٹ گئے جہاں انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’’ایک قریبی دوست کا خیرمقدم‘‘۔ سنگاپور کے صدر کا ہندوستان کے پہلے سرکاری دورے پر رسمی طور پر استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر دیا گیا۔پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے صحن میں صدر تھرمن کا پرتپاک استقبال کیا۔صدر تھرمن کل سے اڑیسہ کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی احترام کی ایک طویل روایت ی اور وسیع تعاون پر مبنی پر تعلقات ہیں۔ صدر تھرمن کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملنے کی امید ہے، جو گزشتہ سال ستمبر میں وزیر اعظم مودی کے دورہ سنگاپور کے دوران جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح پر بلند ہوئے تھے۔یہ دورہ ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز بھی کرے گا۔