جموں//جموں رورل گورنمنٹ راشن ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ایک میٹنگ آج یہاں ایسوسی ایشن کے صدرملکھی رام کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ضلع جموں کے دیہی علاقوں کے سبھی راشن ڈیلروں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران راشن ڈیلروں کو درپیش مسائل کو زیر غور لانے کے علاوہ حکومت کے ان کے تئیں منفی رویہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔اس دوران جو مسائل ابھارے گئے ان میں16جولائی 2014کے کابینہء کے فیصلہ کو عملی جامہ پہنانے،این ایف ایس اے کے تحت فروری 2016سے ڈیلروں کے حق میں کمیشن واگزار کرنااور دیگر مطالبات شامل ہیں۔ ملکھی رام نے چار سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کابینہ کے فیصلے کو عملی جامہ نہ پہنانے پر افسوس کا اظہار کیا۔مقررین نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صوبہ کشمیر کے ڈیلر سٹور سے راشن اٹھانے کے بعد راشن صارفین کو تقسیم کرنے کے بعدفروخت کئے گئے راشن کی رقم جمع کراتے ہیں جبکہ صوبہ جموں کے ڈیلروں کو یہ رقم راشن اٹھانے سے پہلے جمع کرانا پڑتی ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے ۔ میٹنگ میں تنویر پٹھان صدر آل جے اینڈ کے فئیر پرائس ایمپلائز یونین، وجے گپتا سینئر نائب صدر، کرشن لال جنرل دسیکرٹری، رتن سنگھ خزانچی اور دیگران موجود تھے۔