راجوری //سرحدی ضلع راجوری کی ایک لڑکی انڈین ائیر فورس میں فائٹر جیٹ طیارے کی پائلٹ منتخب ہوئی ہے ۔23سالہ نوجوان لڑکی سرحدی ضلع راجوری سے پہلی جبکہ ملک بھر سے 12ویں خاتون پائلٹ ہیں جو کہ انڈین ایئر فورس میں جٹ طیارے کی پائلٹ منتخب ہوئی ہے ۔انڈین ائیر فورس کی جانب سے اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب میں مذکورہ نوجوان پائلٹ کو وینگ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ مائیہ سدن کا تعلق راجوری ضلع کے لمبیڑی علاقہ سے ہے جبکہ ان کے والد ونود سدن ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ میں جونیئر انجینئر کے طورپر تعینات ہیں ۔اہل خانہ نے بتایا کہ مائیہ بچپن سے ہی انڈین ائیر فورس کی جانب توجہ مرکوز کئے ہوئے تھی ۔انہوں نے کہاکہ مائیہ کی انڈین ائیر فورس میں شمولیت علاقہ کے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کیلئے ایک نئی کرن ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے مائیہ اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو اس وقت محنت و لگن کیساتھ کوشش کر کے علاقہ کا نام روشن کرنا چائیے ۔