راجوری //محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے برتی جارہی غفلت کی وجہ سے راجوری قصبہ کے نزدیک گردن پائیں کے مسجد محلہ کی عوام پانی کی بوند بوند کیلئے پریشان ہے ۔محلہ کی پانی سپلائی پچھلے کئی عرصہ سے کسی تکنیکی خرابی کے باعث بند پڑی ہے جس کو محکمہ نے ٹھیک کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی ۔مقامی لوگوں کے مطابق گردن پائیں گائوں میں بلندی پر پانی ذخیرہ کرنے کا ایک ٹینک بنایاگیاہے جس سے تین مختلف پائپ لائنیں نکلتی ہیں جن کے ذریعہ گردن پائیں اور ایتی گائوں میں پانی سپلائی ہوتاہے۔لوگوں نے بتایاکہ اس میں مسجد محلہ کو جانے والی پائپ لائن ایک سال قبل تباہ ہوگئی تھی جس کے بعد اس کی محکمہ کے ملازمین نے عارضی مرمت کی تاہم پچھلے کچھ مہینوں سے پانی کی سپلائی بند پڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے اس عرصہ میں اس سپلائی سے پانی کی ایک بوند بھی حاصل نہیں کی اور محکمہ کے افسران صرف یقین دہانیاں دے رہے ہیں مگر عملی طور پر کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کے افسر نے کہاکہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کا جائزہ لیکرپانی کا مسئلہ حل کریں گے۔