سرینگر //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت پونچھ اور راجوری میں کنٹرول لائن پر گولی باری سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورا کرنے میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہے۔ایک بیان میں میاں الطاف احمد نے کہا کہ سرحدی علاقوں بالخصوص پونچھ اور راجوری میں کنٹرول لائن پر رہنے والے لوگ آئے روز کی فائرنگ اور شلنگ سے بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی معمول کی زندگی بھی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے زیر زمین بنکر وں کی تعمیر ہو، کسانوں اور مویشی پالنے والوںکو معاوضہ ادا کرنا ہو،متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہو یا متاثرہ بچوں کی تعلیم کے لئے خصوصی انتظامات ، موجودہ ریاستی سرکار تمام تر وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہوگئی ہے جس کا خمیازہ وہاں کے لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔میاں الطاف کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران متاثرہ لوگوں کےلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی طرف سے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کی باتیں زمینی سطح پر بے بنیاد نظر آرہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکار متاثرین کو راحت پہنچانے سے قاصر ہے، یہاں تک کہ جن لوگوں کی جانیں تلف ہوئیں، ان کے لواحقین ان بھی امداد کے منتظر ہیں۔ایم ایل اے کنگن نے متاثرین کے حق میں فوری امداد واگزار کرنے پر زور دیا۔