راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ قہر مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز مزید 5متاثر افراد کی موت واقعہ ہو گئی ہے جبکہ ضلع بھر میں مزید 237افرادکے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔حالیہ دنوں سے ضلع بھر میں کیسوں میں اضافہ ہو تاجارہا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ضلع انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ روز ضلع میں کل پانچ افراد کی موت واقعہ ہو ئی ہے جن میں بہار اور ریاست اتر پردیش سے محنت مزدوری کیلئے آئے 2مزدور بھی شامل ہیں جبکہ تحصیل منجا کوٹ کے سروالہ گائوں کی ایک 80سالہ خاتون بھی شامل ہے ۔اس کے علاوہ سندر بنی اور لمبیڑی کے دو مثبت مریضوں کی موت بھی واقعہ ہوئی ہے ۔اسی دوران راجوری ضلع کے ایک پروفیسر کی امرتسر میں موت واقعہ ہو گئی ہے۔انتظامیہ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران کل 237مزید افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کچھ علاقوں کو ریڈ زون بھی قرار دیا گیا ہے ۔