راجوری//سٹیٹ ویجی لینس آرگنائزیشن نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے اشتراک سے کالج کے ملٹی پرپز ہال میں ’’کرپشن فری ان انڈیا ‘‘کے موضوع پر سیمپوزیم کا انعقاد کیا ۔اس پروگرام کا مقصد لوگوں کو ان کے رول اور ذمہ داریوںکے بارے میں بیدار کرناتھا تاکہ بدعنوانی کا خاتمہ کیاجاسکے اور حکمرانی کا ایک اچھا اور صاف و شفاف نظام قائم کیاجاسکے ۔اس پروگرام کا اہتمام پروفیسر محمد اقبال رینہ کنوینئر کلچرل و لٹریری کمیٹی ، پروفیسر محمد سلیم وانی اور دیگران نے کیاتھا جس کی صدارت کے فرائض کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جے اے قاضی نے انجام دیئے ۔ قاضی نے موضوع کی مناسبت سے اہم خطاب کیا اور نوجوان نسل پر زور دیاکہ وہ سماج کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں ۔ویجی لینس افسر وی کے بٹ ،پروفیسر جاوید مغل ، پروفیسر بشیر احمد ماگرے ، پروفیسر اسد اللہ خان وغیرہ بھی اس موقعہ پر موجودتھے ۔اس دوران عبیداللہ منصور ، نوید احمد اور صائمہ مرزا نے بالترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔نظامت کے فرائض صائمہ مرزا اور عبیداللہ منصور نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹر محمد سلیم وانی نے پیش کی ۔