راجوری //راجوری کے لڈوت علاقے میں کچھ لوگوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیاجس کے نتیجہ میں ایک ایس پی او سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔چند ماہ قبل کنڈی سے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال اور اس کے خاندان کی مندر گالہ علاقے میں کچھ لوگوں نے پٹائی کی جس سے وہ خود زخمی ہوئے اور ان کی کار کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس نے اس سلسلے میں کنڈی پولیس اسٹیشن پر ایف آئی آر زیر نمبر 38/2017زیر دفعات 341, 323, 427, 147کا کیس محمد فاروق ولد مولا داد اور تین خواتین سمیت بارہ افراد کے خلاف درج کیا تاہم سبھی ملزمان گرفتار ی سے بچنے کیلئے مفرور تھے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ رات ان کی جمولہ لڈوت میںموجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس تھانہ کنڈی سے ایک ٹیم نے صبح کے وقت چھاپہ مارا لیکن جیسے ہی پولیس پارٹی وہاں پہنچی تو ملزمان اور ان کے رشتہ داروں نے اس پر پتھرائو شروع کردیا اور اس دوران ایک اہلکار پر تیز دہار والے ہتھیارسے حملہ کیاگیا ۔اس دوران حوالدار محمد ایوب اور کانسٹبل قادر حسین کو پتھرائو سے زخم آئے جبکہ ایس پی او صابر شاہ کے چہرے اور سر پر گہرا زخم آئے ہیں جس پر تیز دہار والے ہتھیار کا استعمال کیاگیا ۔ذرائع نے بتایاکہ دو اہلکار اور ایک ایس پی او زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج چل رہاہے ۔دریں اثناء ایس ایس پی راجوری نے بتایاکہ تین اہلکار اس وقت زخمی ہوئے جب پولیس پارٹی ملزمان کو گرفتا رکرنے کیلئے گئی جس پر حملہ کردیاگیا۔انہوںنے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔