سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر کے جھنگڑ فارورڈ علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دراندازی کی کوشش کو فوج نے ناکام بنا دیا ہے۔ منگل کی دوپہر پیش آئے اس واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا تھا جو بدھ کے روز دوسرے دن بھی جاری رہا۔ اس کارروائی کے دوران ایک ہلاک ملی ٹینٹ کی لاش اور اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق فوج کے دستوں نے جھنگڑ کے فارورڈ علاقے میں اینٹی انفلیٹریشن آبسٹیکل سسٹم (AIOS) کے آگے مشکوک نقل و حرکت محسوس کی جس کے بعد علاقے میں تعینات فوجیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی اندھیرے اور گھنے جنگلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق بدھ کے روز بھی فوج کی خصوصی ٹیمیں علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن میں مصروف رہیں۔ فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر باریک بینی سے تلاشی لی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے اور علاقے میں مکمل تسلط قائم کیا جا سکے۔تلاشی کارروائی کے دوران فورسز نے جھاڑیوں سے ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی جو گزشتہ روز کی جھڑپ میں مارا گیا تھا۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش کو معیاری طریقہ کار (SOPs) کے تحت احتیاط کے ساتھ برآمد کیا گیا۔ بعد ازاں فوج نے لاش کو قانونی کارروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔حکام کے مطابق ہلاک ملی ٹینٹ کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ضبط شدہ سامان میں ایک اے کے رائفل، دو میگزین، تین ہینڈ گرینیڈ، دو پستول اور دیگر قابل اعتراض مواد شامل ہے۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے اس برآمدگی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سرحد پار سے بھیجے جانے والے ملی ٹینٹوں کے منصوبوں کا اندازہ ہوتا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ملی ٹینٹ کی شناخت حمزہ یوسف کے طور پر کی گئی ہے جو مبینہ طور پر کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے اعلیٰ درجے کے کارکنوں میں شامل تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ تنظیم کے لانچ پیڈ ماڈیول کا حصہ تھا اور اس کا کام ملی ٹینٹوںکو محفوظ طریقے سے ایل او سی پار کروا کر بھارتی حدود میں داخل کروانا تھا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ دراندازی کی کوشش ایسے وقت میں کی گئی جب انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ ایل او سی کے اس پار ملی ٹینٹوںکی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور مختلف لانچ پیڈز پر مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے چار روز قبل بھی راجوری سیکٹر میں دراندازی کی ایک اور کوشش کی گئی تھی جسے فوجی دستوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا تھا اور دہشت گردوں کو واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔ حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں چوکس نگرانی برقرار رکھی گئی ہے اور کسی بھی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی فورسز مکمل طور پر مستعد ہیں۔