راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے ماسوائے نوشہرہ تحصیل کے ضلع بھر میں آنگن واڑی مراکز کا اچانک معائنہ کیا جس دوران 600مراکز بند پائے گئے جن میں تعینات1400ملازمین بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر تھے ۔یہ معائنہ سب ڈیویژنل مجسٹریٹس ، تحصیلداروں، نائب تحصیلداروں اور پٹواریوں نے کئے ۔ معائنہ کا سلسلہ صبح ساڑھے دس بجے شروع ہواجس دوران افسران نے بغیر پیشگی اطلاع دیئے آنگن واڑی مراکز کا دورہ کیا ۔ذر ائع نے بتایاکہ اس دوران چھ سو سے زائد مراکز بند پائے گئے جن میں درج کئے گئے سینکڑوں بچے بھی غیرحاضر تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ ضلع میں 1400کے لگ بھگ آئی سی ڈی ایس ملازمین غیر حاضر پائے گئے ۔اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ بیشتر آنگن واڑی مراکز گزشتہ ایک سال سے بند ہیں اور ان میں اندراج بچوں کو راشن وغیرہ بھی نہیں دیاجارہا۔کوٹرنکہ میں 214آنگن واڑی مراکز میں سے 84ہی کھلے پائے گئے جبکہ دیگر130مراکز بند تھے ۔کھلے پائے گئے مراکز میں 82ملازمین ڈیوٹی پر حاضر تھے جبکہ 132غیر حاضر تھے جبکہ ان مراکز میں صرف 99بچے موجود پائے گئے اور135غیر حاضر تھے ۔تحصیلدار کوٹرنکہ محمد رفیق نے اٹھارہ مراکز کا معائنہ کیا جوسبھی بند پائے گئے ۔وہیں ایس ڈی ایم کوٹرنکہ گوپال شرما نے تین آنگن واڑی مراکز کا معائنہ کیا جن میںسے دو بند تھے اور حیران کن طور پر ان میںسے ایک پچھلے ایک سال سے بند ہے۔تحصیلدار منجاکوٹ نے 152مراکز کی رپورٹ پیش کی ہے جن میںسے 39کھلے پائے گئے جن میں 31ملازم حاضر تھے ۔اس دوران 357بچے بھی غیر حاضر پائے گئے ۔تحصیل سیوٹ میں 25مراکز کھلے پائے گئے جن میں دو ملازمین غیر حاضر تھے ۔وہیں درہال میں 73مراکز کام کرتے پائے گئے ۔تریاٹھ تحصیل میں 4آنگن واڑی مراکز کام کرتے پائے گئے جبکہ اس علاقے میں کل مراکز کی تعداد 54ہے ۔کالاکوٹ میں 64میںسے پورے 64مراکز کام کرتے پائے گئے تاہم اٹھارہ ملازمین غیر حاضر تھے ۔سندر بنی میں ایک سنٹر بند پایاگیا جبکہ چھ ملازم غیر حاضر تھے ۔تحصیل بیری پتن میں بھی ایک سنٹر بند تھا اور تین ملازم غیرحاضر تھے ۔تحصیل راجوری میں شہر سمیت زیادہ تر مراکز بند پائے گئے ۔راجوری میں پچیس فیصد سے بھی کم بچے مراکز میں موجو دتھے جبکہ 7وارڈوں میں 42مراکز میںسے 26بندپائے گئے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چوہدری نے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ آنگن واڑی مراکز کو پرائمری سکولوں کے ساتھ منسلک کیاجائے گا۔