راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ معاملات میں لگاتار کمی ریکارڈ کی جارہی ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے ضلع کے مختلف علا قوں میں شروع کی گئی ٹیسٹنگ مہم کے دوران گزشتہ روز 18نئے کووڈ کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج ایک کووڈ مریض کی موت بھی واقعہ ہو گئی ہے ۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ضلع میں لگاتار کووڈ معاملات میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ عام لوگوں کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس کو ختم کرنے میں مدد مل سکے ۔اس دوران تحصیل منجا کوٹ کے نیلی گائوں کے ایک شخص کی میڈیکل کالج میں موت واقعہ ہو گئی ۔حکام نے بتایا کہ مذکورہ مریض ہسپتال کی علیحدہ وارڈ میں زیر علاج تھا تاہم اس دوران اس کی کووڈ کی وجہ سے موت ہو گئی ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ضلع کے مختلف علا قوں میں شروع کر دہ ٹیسٹنگ مہم کے دوران مزید 18افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ ان مریضوں میں ڈھانگری علاقہ کا ایک 95سالہ نوجوان بھی شامل ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع میں ابھی تک 2لاکھ 17ہزار 613افراد کو کووڈ ویکسین فراہم کی گئی ہے جن میں 1لاکھ 88ہزار 365ایسے افراد شامل ہیں جن کی عمر 45برس سے زیادہ ہے ۔