سمت بھارگو
راجوری//راجوری شہر میں اسپورٹس اسٹیڈیم کے قریب ایک مردہ جنین (غیر مولود بچہ)ملنے کے واقعہ پر جموں و کشمیر پولیس نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق جنین منگل کی دیر شام ایک سنسان جگہ پر پڑا ہوا پایا گیا جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے اسپورٹس اسٹیڈیم کے قریب مشتبہ حالت میں ایک پیکٹ دیکھا جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور جائزہ لینے کے بعد وہاں سے ایک جنین برآمد کیا گیا جو لاوارث حالت میں پڑا ہوا تھا۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جنین کو طبی معائنے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جنین کو وہاں کس نے اور کیوں پھینکا، تاہم پولیس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کا نوٹس راجوری تھانے میں لیا گیا ہے اور قانونی تقاضوں کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ واقعہ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قریبی علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کھنگالی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ جنین کو وہاں کون چھوڑ کر گیا۔حکام کے مطابق پولیس ٹیمیں مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہیں اور جلد ہی اس واقعہ میں ملوث افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر مقامی لوگوں نے اس افسوسناک واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔