راجوری //ایک اہم پیشرفت کے طور پر حکومت ہند نے راجوری کے لوگوں کی دیرینہ مانگ پورا کرتے ہوئے راجوری ایئر سروس کو ہری جھنڈی دی ہے ۔اس حوالے سے ضلع انتظامیہ کو حکمنامہ بھی موصول ہواہے ۔ضلع انتظامیہ کے ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ راجوری ایئرسروس پر پچھلے کئی برسوںسے ایک پرپوزل مرکز ی حکومت کے پاس پڑا ہواتھا جسے بالآخر حکومت نے ہری جھنڈی دے دی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ حکومت ہند نے دو روز قبل اس کو منظوری اور ضلع انتظامیہ کو آج اس سلسلے میں باضابطہ حکمنامہ بھی موصول ہوگیا۔ ذرائع نے مزید کہاکہ پہلے مرحلے میں حکومت ہند نے ہفتے میں دو دن راجوری سے جموں ہوائی جہاز چلانے کو منظوری دی ہے اور جہاز سوموار اور سنیچر کوپرواز کیاکرے گا۔ذرائع نے بتایاکہ پون ہنس کو راجوری سے جموں ایئرسروس چلانے کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری کو اس کا نوڈل افسر مقرر کیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس ہوائی سروس کیلئے کرایہ بھی متعین کردیاگیاہے اور فی ٹکٹ دو ہزار روپے ادا کرنے ہوںگے جبکہ جہاز پر بیٹھنے والے لوگوں کی تعداد 5 یا 6 ہوگی ۔ذرائع نے بتایاکہ ابتداء میں ہوائی جہاز آرمی کے زیر تحویل گرائونڈ میں اترے گا لیکن بعد میں اس کیلئے الگ سے ایئرفیلڈ بنایاجائے گاجس کی خاطر ضلع انتظامیہ نے تین مختلف جگہوں کی نشاندہی کی ہے۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال نے اس بات کی تصدیق کی کہ راجوری سے ایئر سروس بہت جلد شروع کردی جائے گی جس کیلئے حکومت ہند کی طرف سے ہری جھنڈی مل گئی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجوری سے جموں پہلے بھی ایئر سروس چلتی تھی تاہم ملی ٹینسی شروع ہونے کے بعد اسے بند کردیاگیاتھا۔