سمت بھارگو +حسین محتشم +جاوید اقبال
راجوری/پونچھ//ماہِ مقدس رمضان المبارک کے آخری جمعہ، جمعتہ الوداع، کے موقع پر سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں عقیدت و احترام کے ساتھ نمازِ جمعہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر ضلع بھر کی بڑی اور چھوٹی مساجد میں نمازیوں کا غیر معمولی ہجوم دیکھنے میں آیا، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے شرکت کر کے اس بابرکت دن کی فضیلتیں حاصل کیں۔راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں واقع مساجد، جامعہ مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ جمعہ کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ نمازیوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر ملک و قوم کی سلامتی، بھائی چارے، اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر مساجد میں روحانیت کا ایک خاص منظر دیکھنے کو ملا، جہاں ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل دعاگو نظر آیا۔راجوری کی مرکزی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ مولانا محمد فاروق نعیمی نے پڑھائی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جمعتہ الوداع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلمانوں کو تقویٰ، صبر اور اخوت اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں نہ صرف عبادات کا درس دیتا ہے بلکہ انسانیت کی خدمت، باہمی احترام اور معاشرتی ہم آہنگی کا پیغام بھی دیتا ہے۔
اس موقع پر مغربی ایشیا میں جاری تنازعات اور متاثرہ شہریوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔پونچھ ضلع میں بھی جمعتہ الوداع نہایت مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی عید گاہ پونچھ، جامع مساجد اور دیگر علاقوں کی مساجد میں بڑی تعداد میں نمازی جمع ہوئے۔ علمائے کرام نے اپنے خطبات میں رمضان المبارک کے آخری ایام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسلمانوں کو نیکیوں کی طرف راغب کیا اور برائیوں سے بچنے کی تلقین کی۔نمازیوں نے خصوصی طور پر عالمِ اسلام کے اتحاد، ملک میں امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے دعائیں مانگیں۔ فلسطین اور دیگر مظلوم خطوں کے مسلمانوں کے لیے بھی دعا کی گئی اور ظلم و ناانصافی کے خاتمے کی اپیل کی گئی۔انتظامیہ کی جانب سے بھی جمعتہ الوداع کے پیش نظر مکمل انتظامات کیے گئے تھے۔ اہم مساجد کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، جہاں پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکار تعینات رہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو رمضان المبارک کے آخری جمعہ کی مبارکباد پیش کی اور عیدالفطر کی آمد کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا۔ بازاروں میں بھی چہل پہل دیکھنے میں آئی جہاں لوگ عید کی تیاریوں میں مصروف نظر آئے۔جمعتہ الوداع کے یہ روح پرور اجتماعات راجوری اور پونچھ میں مذہبی ہم آہنگی، یکجہتی اور روحانیت کی ایک خوبصورت تصویر پیش کرتے ہیں، جو اس خطے کی قدیم مذہبی روایات اور اجتماعی شعور کی عکاسی کرتے ہیں۔