امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ، بنکروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے:وزیر اعلیٰ
سمت بھارگو
راجوری// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ راجوری اور پونچھ اضلاع میں سڑکوں کی حالت نہایت خستہ ہے جس کی بڑی وجہ سڑک کی توسیع، ٹنل کھدائی اور دیگر بڑے منصوبوں پر جاری کام ہے، تاہم موجودہ سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب وہ سرینگر سے پونچھ مغل روڈ کے راستے اور پھر پونچھ سے راجوری کے راستے جموں پہنچ رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے خود سڑکوں کی خراب حالت کا مشاہدہ کیا ہے اور وہ اس مسئلے کو ذاتی طور پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ساتھ اٹھائیں گے کیونکہ ان میں سے زیادہ تر سڑکیں بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے تحت آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف جاری کاموں کی رفتار میں اضافہ ضروری ہے بلکہ موجودہ ٹکڑوں کی مرمت بھی فوری درکار ہے۔گور نمنٹ میڈیکل کالج کٹرہ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ جی ایم سی کٹرہ نیٹ کے ذریعے داخلوں کے اصول پر قائم کیا گیا تھا جہاں صرف میرٹ کو بنیاد بنایا جاتا ہے اور کسی قانون یا آئین میں مذہب کی بنیاد پر داخلے کا کوئی تصور موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت مذہب کی بنیاد پر داخلے چاہتی ہے تو پہلے حکومت کی مالی معاونت ختم کی جائے، کالج کی تعمیر کیلئے دی گئی زمین کا معاوضہ واپس کیا جائے اور پھر یونیورسٹی قانون میں ترمیم کرکے اسے مذہب سے مخصوص ادارہ بنایا جائے، ورنہ یہ مطالبہ یکسر غیر آئینی ہے۔سرحدی علاقوں میں اضافی بنکر تعمیر کرنے کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بنکروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اور دستیاب زمین کے مطابق انفرادی اور اجتماعی دونوں طرح کے بنکر بنائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو فائرنگ اور گولہ باری کے دوران بہتر تحفظ فراہم کیا جاسکے۔جموں میں ایک صحافی کے گھر کو مسمار کئے جانے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ موجودہ انتظامیہ کی طرف سے نہیں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہے کہ اس افسر کو کس نے تعینات کیا تھا اور انہی سے اس کارروائی کے بارے میں جواب طلب کیا جانا چاہیے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پونچھ پہنچے جہاں انہوں نے ڈی ڈی سی رکن عتیقہ جان کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔ مرحومہ، ایم ایل اے پونچھ اعجاز جان کی والدہ تھیں جو گزشتہ کچھ ماہ سے بیمار تھیں اور پیر کے روز انتقال کر گئی تھیں۔وزیر اعلیٰ نے وزیر جاوید رانا، مشیر ناصر اسلم وانی اور ایم ایل اے تنویر صادق کے ہمراہ مرحومہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت پیش کی۔عمر عبداللہ سرینگر سے مغل روڈ کے ذریعے پونچھ پہنچے جہاں سے انہوں نے بعد ازاں راجوری اور پھر جموں کا رخ کیا۔