جموں//اشفاق سعید//سرکارنے کہا ہے کہ راجستھان پولیس نے جن 6 کشمیریوں کو گرفتار کیاتھا، انہیں کل شام ہی رہا کر دیاگیاہے۔ قانون سا ز اسمبلی میں ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید نے بانڈی پورہ کے 6 افراد کی گرفتاری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ یہ افراد گوگل کے ذریعہ راستہ ڈھونڈتے ڈھونڈتے کہیں جارہے تھے، تو راجستھان پولیس نے انہیں حراست میں لیا۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیاکہ وہ یہ معاملہ راجستھان حکومت کے ساتھ اٹھاکر ان کی فوری رہائی کو یقینی بنائے۔ بعد ازاں پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمن ویری نے ایوان میں تفصیلی بیان دیتے ہوئے کہاکہ راجستھان میں بی ایس ایف اہلکاروں نے جن 6 کشمیری افراد کی گرفتاری عمل میں لائی تھی، انہیں رہا کر دیا گیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ بی ایس ایف نے ان افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ پولیس کے حوالہ کر دیا۔ ان میں احسان احمد میر، اطہر مجید شاہ، ظفر قریشی، سہیم وانی ، غلام احمد ڈرائیور اور شمیم ایوان ساکنان بانڈی پورہ راجستھان پولیس کی تحویل میں تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ممانعتی علاقہ میں گھومنے پر انہیں گرفتار کیاگیاتھا جنہیں اب رہا کر دیاگیا ہے۔