پونچھ // محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کی جانب سے پونچھ میںمطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔احتجاج کے دوران ملازموں نے محکمہ جاتی ترقی کو زیر التوا رکھنے پر مخلوط سرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔یہ احتجاج وی ایل ڈبلیو، ایم پی ڈبلیو رابطہ کمیٹی کے بینر تلے کیا گیا جس میں ضلع پونچھ کے سینکڑوں ملازموں نے شرکت کر کے سرکار مخالف نعرے لگا ئے اوراپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ حکومت ان کے مطالبات پورے کرے اور ان کو انصاف دیاجائے ۔اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے حل کے لئے حکومت سے اپیل کرتے آرہے ہیں لیکن حکومت ان کی نہیں سن رہی ۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے انہوںنے صبر کا دامن تھام رکھاہے لیکن اب مجبورہوکر احتجا ج کا راستہ اختیا رکرناپڑاہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست کے 22 اضلاع میں ملازمین کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومت کوکوئی ٹس سے مس نہیں ہورہا ۔انہوں نے کہا کہ ان پر کام کا بوجھ زیادہ ہے اور سہولیات بہت کم ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کی مانگیں پوری نہیں کی گئی تو وہ اپنے احتجاج میں مزیدشدت لائیں گے اور اس کے بعد جو بھی ہو گا س کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔احتجاج میں ضلع صدر اجیت سنگھ ، اشیش کمار،کرامت حسین شاہ، شمشیر حسین شاہ، محمد ابراہیم، کلونت سنگھ،ونے کمار،گورو کپور،ولپریت سنگھ، ابرار حسین، محمد جمیل، سنجے کپور وغیرہ بھی شریک تھے ۔