کشتواڑ//ریاست کے دیگر حصوں کی طرح کشتواڑ میں بھی آل جے اینڈ کے و ی ایل ڈبلیوز اور ایم پی ڈبلیوز کارڈی نیشن کمیٹی کے تحت محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کی ہڑتال آج تیسرے روز میں داخل ہوئی۔احتجاجی ملازمین منی سیکرٹریٹ میں اے سی ڈی آفس کے احاطہ میں اکٹھا ہوئے اور اپنے جائز مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرنے لگے۔احتجاجی ملازمین نے سرکار سے انکے مطالبات پورا کرنے کی اپیل کی۔احتجاجی ملازمین کے نمائندے روپیش شرما نے پنچایت سیکرٹریوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پنچایت سیکرٹری محکمہ کی جانب سے جاری کسی بھی مہم میں ایک کلیدی رول ادا کرتے ہیں، تاکہ ریاست کو پالی تھین سے پاک کیا جائے۔نو قائم شدہ 177 سی ڈی بلاکوں کی وجہ سے ایسا نشانہ حاصل کرنے میں مشکلات آتے ہیں۔انہوں نے سرکار سے طریقہ کار کو وضع کرنے کے لئے کہا تاکہ پالی تھین سے پاک مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے ڈی پی سی منعقد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔اُنہوں نے اسسٹنٹ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسروں کی اسامیاں بنانے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ وی ایل ڈبلئیوز /ایم پی ڈبلئیوز /جی ایس کو بھی ترقی کے مواقعے مہیا ہوں۔دریں اثنا ایسو سی ایشن نے متنبہ کیا ہے کہ اگر انکے مطالابت فوری طور حل نہیں کئے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں سرعت لائیں گے۔