راجوری/پونچھ//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر و ممبراسمبلی دیوندر سنگھ رانا نے راجوری پونچھ کا دورہ کرکے سرحدی متاثرین کے مسائل سنے۔اس دوران انہوںنے کارکنان کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کئے ۔انہوںنے پونچھ کا دورہ کر کے ڈاک بنگلہ پونچھ میں پارٹی کارکنان کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔اس دوران انہوں نے ریاستی مخلوط سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سرکار ریاست جموں و کشمیر کی سب سے زیادہ ناکام سرکار ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطہ پیر پنچال کے کئی علاقوں میں حدِ متارکہ پر لوگ اپنے ہی گھروں میں مقید ہوکر گونا گوں مشکلات سے دوچار ہیں لیکن حکومت کو ان کی کوئی فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتہ کے دوران پاکستانی فوجوں کی جانب سے کی جا رہی گولہ باری کی وجہ سے کئی فوجی اہلکار مارے گئے ،کئی مقامی بے گناہ لوگ بھی مارے گئے لیکن حکومت نے آج تک ان کے لئے کسی طرح کی امدادی کاروائی نہیں کی۔اجلاس کے دوران انہوں نے ڈوڈہ میں بادل پھٹنے سے ہوئی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے اس واقعہ پر بھی کوئی حرکت نہیں کی ۔اس موقعہ پر کارکنان کی طرف سے مسائل اجاگر کئے گئے ۔بعد از آں انہوں نے سرحدی علاقہ قصبہ اور کیرنی کا دورہ کر کے وہاں کے مقامی لوگوں سے ملاقات کر کے اور انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔رانا نے راجوری میں بھی پارٹی لیڈران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں سابق وزیر اجے سدھوترہ،سابق ایم ایل اے محمداسلم خان،سابق وزیر رشپال سنگھ،ضلع صدرنیشنل کانفرنس شفاعت خان،شفقت میر ، افتار لون وغیرہ بھی موجودتھے ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ سرحدیں پچھلے دوسال سے گولہ باری کی گن گرج کاشکار ہی لیکن ریاستی اور مرکزی حکومت اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کررہی ۔انہوںنے کہاکہ سرحدی متاثرین بے یارومددگار ہیں اور ان کا حال جاننے کیلئے سرکار کاکوئی کارندہ نہیں پہنچا۔انہوںنے کہاکہ نوجوان ملک کی ترقی کااہم جز ہیں جن کے بغیر تعمیروترقی نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ راجوری پونچھ میں تعمیروترقی کا نام ونشان تک نہیں کیونکہ ریاستی سرکار کام کاج میں یقین نہیں رکھتی ۔رانا نے کہاکہ پندرہ اگست سے قبل راجوری میں یوتھ کنونشن رکھی جائے گی ۔