تھنہ منڈی // ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر تحصیلدار تھنہ منڈی محمود خان اور ایس ایچ او فرید چوہدری نے دیرہ گلی میں کووڈ چیک پوسٹ قائم کی ہے جہاں پر وادی کشمیر یا پونچھ سے آنے والے تمام افراد کا کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا اور یہ سروس 24 گھنٹے بحال رہے گی۔یاد رہے کہ اس چیک پوسٹ پر محکمہ صحت اور تعلیم کے علاوہ دوسرے کے محکموں کے ملازمین بھی کام کریں گے۔اس کے علاوہ تھنہ منڈی کے پلانگڑھ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں کو خالی کر دیا گیا ہے تاکہ باہر سے آنے والے افراد کو (ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں) کورنٹین کیا جائے ۔ادھر تھنہ منڈی پولیس نے ملک اور جموں و کشمیر (یو ٹی) میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی برتنی شروع کر دی ہے۔ پیر کے روز ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید چوہدری نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ پورے قصبہ کا دورہ کیا اور اپنی گاڑی سے مسلسل اعلان کیا گیا کہ کووڈ قاعدہ پر سختی کیساتھ عمل کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ ایس او پی پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔