عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سرمائی زون میں واقع مختلف گجر۔بکروال ہاسٹلوں میں مقیم طلبہ نے حال ہی میں اعلان کردہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جو ان کی محنت، استقامت اور ہاسٹلوں میں فراہم کیے جانے والے سازگار تعلیمی ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔مربوط نتائج کے مطابق، دسویں جماعت کے امتحان میں 147طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 136طلبہ کامیاب قرار پائے۔ اس طرح مجموعی کامیابی کا تناسب 92فیصد رہا، جبکہ 30طلبہ نے امتیازی نمبرات حاصل کیے۔
بڈگام، پلوامہ (بوائز ہاسٹل)، سرینگر (گرلز ہاسٹل)، کپواڑہ (بوائز ہاسٹل)، کشتواڑ (چھاترو) اور ڈوڈہ کے گجر۔بکروال ہاسٹلوں نے 100 فیصد نتائج درج کیے، جو قابلِ ستائش تعلیمی تسلسل کو ظاہر کرتا ہے۔بارہویں جماعت کے نتائج بھی نہایت حوصلہ افزا رہے۔ امتحان میں شریک 94طلبہ میں سے 83طلبہ کامیاب ہوئے، جس سے مجموعی کامیابی کا تناسب 88.29فیصد رہا، جبکہ 38طلبہ نے امتیازی پوزیشن حاصل کی۔پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں، بانڈی پورہ، گرلز ہاسٹل سرینگر اور کپواڑہ سمیت متعدد ہاسٹلوں نے 100فیصد کامیابی حاصل کی، جن میں اکیلے گرلز ہاسٹل سرینگر نے 16 امتیازی پوزیشنیں حاصل کیں۔جموں و کشمیر کے قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نے تمام کامیاب طلبہ، بالخصوص قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ہاسٹل وارڈنز اور عملے کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا، جن کی رہنمائی اور سرپرستی نے ان کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔وزیر نے کہا کہ یہ نتائج قبائلی طلبہ میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے شروع کی گئی فلاحی اسکیموں کی مؤثریت کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر گجر۔بکروال گرلز ہاسٹل سرینگر کی طالبہ سائرہ نور کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں، جنہوں نے جے کے بوس دسویں جماعت کے امتحان میں شاندار 99.20 فیصد نمبرات حاصل کر کے نمایاں مقام حاصل کیا۔
امتحانی نتائج کے بعدطالب علم کی موت
ایم ایل اے شکتی راج پریہار کا اظہارِ افسوس
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ڈوڈہ ضلع کے پریوٹ گاؤں کے 17سالہ طالب علم ریوانش شرما کو بارہویں جماعت کے نتائج کے اعلان کے چند گھنٹے بعد مردہ پایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ اکنامکس مضمون میں ناکام ہونے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا تھا۔ اس واقعے پر ڈوڈہ ویسٹ کے ایم ایل اے اور بی جے پی کے نائب صدر شکتی راج پریہار نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ریوانش شرما کی موت دل دہلا دینے والاسانحہ ہے اور کوئی امتحان یا مارک شیٹ انسانی زندگی سے بڑھ کر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ والدین کے دکھ کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ پریہار نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ آج کے مقابلہ جاتی ماحول میں طلباء شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امتحان میں ناکامی زندگی کا اختتام نہیں ہے اور والدین، اساتذہ اور سماج کو مشکل وقت میں طلباءکے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے اسکلوں اور کالجوں میں مشاورت اور ذہنی صحت کے مضبوط نظام قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ طلباءخود کو تنہا یا بے سہارا محسوس نہ کریں۔ پولیس نے کہا کہ معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے اور موت کے حالات کی تحقیقات جاری ہے۔