ایجنسیز
دبئی//دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ایک ایرانی ڈرون گرنے کے بعد پارکنگ کے علاقے میں آگ لگ گئی، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور قونصل خانے کا تمام عملہ محفوظ ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکی سفارتی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ منگل کی دیر رات پیش آیا۔ دبئی میں یہ حملہ ایسے وقت ہوا جب ایک دن قبل کویت اور ریاض میں امریکی سفارتی مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان سلسلہ وار حملوں نے پورے خطے میں عدم استحکام اور تشویش کی فضا کو مزید گہرا کر دیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ڈرون قونصل خانے کی چانسلری عمارت سے متصل پارکنگ کے مقام پر آ گرا جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی۔ ان کے مطابق قونصل خانے کے تمام ملازمین محفوظ ہیں اور صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔واقعے کے بعد مقامی رہائشیوں کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئے جن میں قونصل خانے کی عمارت کے عقب سے سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیے۔ اسی دوران ہنگامی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی۔دبئی میڈیا دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد لگنے والی آگ پر کامیابی کے ساتھ قابو پا لیا گیا ہے۔