خفیہ ایجنسیوں کے حدشات درست ثابت ہوئے

 راجوری //سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے حالیہ دنوں میں ظاہر کئے گئے حدشات صحیح ثابت ہورہے ہیں اور گزشتہ ایک ماہ میں راجوری ضلع میں ہی تیسرا تصادم ہو ا ہے جس سے عسکریت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔گزشتہ کچھ عرصہ میں ضلع میں کی گئی کاررئیوں کے دوران 6ملی ٹینٹوں کو بھی ہلاک کیا گیا ہے ۔سیکورٹی ایجنسیوں نے حالیہ دنوں میں حدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ راجوری پونچھ اضلاع میں دراندازی کیساتھ ساتھ دیگر منسلک کارروائیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ایجنسیوں نے بتایا تھا کہ ملی ٹینٹوں کی ایک بڑی تعداد حد متارکہ عبور کرنے کی کوشش میں ہے جو کہ سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ میں مذکورہ نوعیت کی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں ۔سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے ظاہر کئے گئے خدشات کے بعد راجوری ضلع میں ہی ملی ٹینٹوں اور فوج کے مابین 3تصادم ہو چکے ہیں جن کے دوران کئی ملی ٹینٹ ہلاک کئے گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سندر بنی سیکٹر میں 8جون کو ہوئے تصادم کے دوران دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک ملی ٹینٹ کی لاش کچھ دن بعد دریا سے باز  یاب ہوئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ کے کلال سیکٹر میں ہوئے تصادم کے دوران ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہو گیا تھا جبکہ چھ اگست کو تھنہ منڈی میں ہوئے تصادم کے دوران 2ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے ہیں تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک آپریشن جاری تھا ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ملی ٹینٹوں کی کارروائیوں میں ہوئے اضافے کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 25تلاشی مہم چلائی گئی ہیں ۔