پونچھ +راجوری //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ہی خطہ پیر پنچال میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران کچھ علاقوں میںشدید جبکہ اکثر علاقوں میں درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی ۔اس دوران مینڈھر سب ڈویژن میں شدید بارش ہوئی جس کے دوران مینڈھر قصبہ کا نکاسی آب نظام مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ کئی ایک دکانوں و رہائشی مکانات میں بھی پانی داخل ہو گیا ۔دکانداروں نے بتایا کہ علاقہ میں ہوئی شدید بارش کیساتھ ہی مینڈھر قصبہ کا نکاسی نظام مکمل مفلوج ہو کررہ گیا اور نالیوں کا پانی بارش کے کچھ ہی عرصہ میں گلیوں سے بہنے لگا جس کے دوران کئی دکانوں میں بھی پانی داخل ہو گیا ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کے داخل ہونے کی وجہ سے متعدد دکانداروں کا ساز و سامان بھی خراب ہو گیا ہے ۔بارش سے قبل مینڈھر قصہ میں عید کی خریداری عروج پر تھی تاہم اچانک آئی بارش کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد درماندہ ہو کر رہ گئی ۔تاجر طبقہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مقامی انتظامیہ موسم ساز گار ہونے کے دوران قصبہ میں ضروری اقدامات نہیں اٹھاتی جس کی وجہ سے بارش کے ساتھ ہی لوگوں کو مشکل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔اسی طرح منجا کوٹ تحصیل کے پہاڑی علاقوں میں ہوئی بارش کی وجہ سے فصلوں کا نقصان ہوا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقہ میں بیجی گئی مکئی کی فصل کو بارش کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے ۔مقامی سرپنچ صابر حسین نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے علاقہ میں فصلوں کیساتھ ساتھ میوہ جات کا نقصان بھی ہوا ہے ۔اسی طرح راجوری ضلع کے دیگر حصوں میں بھی درمیانہ درجے کی بارش ہوئی ۔دوسری جانب ابتدائی طورپر ہوئی بارش سے کسان کافی خوش ہیں ۔کسانوں کے مطابق اس بارش سے مکئی کی فصل کو فائدہ پہنچے گا تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق آئندہ دو روز میں شدید نوعیت کی بارش بھی ہوسکتی ہے ۔اس دوران جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے راجوری ضلع میں جاری کردہ ایڈوائزی میں لوگوں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ ندی ،نالوں اور دریائوں سے دور رہیں جبکہ پسیوں والی جگہوں پر بھی نہ جائیں ۔ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشکل کے سلسلہ میں نزدیکی پولیس چوکی یا پولیس سٹیشن سے رابطہ کیا جائے ۔