راجوری /پونچھ //ملک کے 71ویں یوم آزادی پر خطہ پیرپنچال میں بھی سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ تقاریب منعقد ہوئیں ۔اس دوران راجوری میں وزیر برائے خوراک ،شہری رسدات و امور صارفین اور اطلاعات چوہدری ذوالفقار علی جبکہ پونچھ میں وزیر برائے باغبانی سید بشارت بخاری نے قومی پرچم لہرایا۔
راجوری
راجوری پولیس لائنز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقعہ پر چوہدری ذوالفقار علی نے ترنگے کی سلامی لی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ جموں وکشمیر ترقی کی طرف گامزن ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو پر اعتماد رہنا ہوگا کیونکہ سرکار عوامی مسائل کے ممکنہ اور بنیادی سہولیات کی مکمل فراہمی پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے سرکار کی کارکردگی پر تفصیلی بات کرتے ہوئے کہا کہ راجوری ضلع بھر میں نئے پروجیکٹوں سمیت سڑک رابطے اور پانی وبجلی کی فراہمی پر کام تیزی سے چل رہا ہے ۔ انہوں نے وہاں موجود افراد کو پندرہ اگست کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی ۔ اس دوران مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں کی طرف سے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے اور سال بھر میں بہترکارکردگی دکھانے والے مختلف پولیس اوردیگر محکمہ جات سے وابستہ اہلکاروں کو اعزازبھی دیئے گئے۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری ، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ودیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
پونچھ
ضلع کی سب سے بڑی تقریب سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں منعقد کی گئی جہاں وزیر برائے باغبانی سیدبشارت بخاری نے قومی پرچم لہرایا۔اس دوران انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جشن منانا ہمارا فرض ہے وہی ہمیںاس بات کا بھی جائزہ لینا چاہئے کہ ہم نے ان برسوں میں کتنی ترقی کی اور اس کے بعد اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ ہم نے کہاں کہاں کیا کیا غلطی کی جس سے سبق سیکھناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے پوری ریاست کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ کی ترقی کے لئے بھی منصوبہ بند طریقہ کار اپنارکھے ہیں، سبھی کا م ایک ہی بار نہیں ہو سکتے اس لئے سرکار کو سوچ سمجھ کر مرحلہ وار کام کرنے پڑ رہے ہیں اور سرکار سب سے زیادہ ضروری کاموں کو پہلے ترجیح رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت جلد ہی مغل شاہراہ پر ٹنل بنانے کا کام شروع کر رہی ہے تاکہ کشمیر کے ساتھ پونچھ کا رابطہ بارہ مہینوں قائم رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل منڈی میں پل کی تعمیر کے لئے بھی بہت بڑی رقم واگزار کی جا رہی ہے تاکہ اس پل کی وجہ سے وہاں کی مزید ترقی ہو سکے۔اس دوران مارش پاسٹ بھی کیاگیا جس میں حفاظتی دستوں اور سکولی طلباء نے حصہ لیا ۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات کی جانب سے تمدنی پروگرام پیش کئے اور رنگا رنگ پروگرام بھی منعقد ہوئے ۔آخرپر بہترین کارکردگی پیش کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔تقریب میں ایم ایل اے پونچھ شاہ محمدتانترے،ایم ایل اے مینڈھر جاوید رانا، ایم ایل سی ڈاکٹر شہناز گنائی، ایم ایل سی یشپال شرما، ایم ایل سی پردیپ شرما، سابق ڈپٹی چیئرمین قانون ساز کونسل جہانگیر حسین میر ،ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر، ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ،اے ڈی ڈی سی گرویندر جیت سنگھ،معاون کمشنر محکمہ مال اشرف چوہان، سی ای او میونسپل کونسل ارشاد صوفی ودیگران بھی موجودتھے ۔
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں ہندوستان کا اکہترواںیوم آزادی نہایت جوش وخروش سے منایاگیا۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں قومی پرچم پروفیسر اقبال پرویزرجسٹرار بابا غلام شاہ بادشا یونیورسٹی راجوری نے لہرایا۔انہوںنے سبھی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آزادی انسان کا پیدائشی حق ہے اور آزادی کے بعد ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی ۔انہوںنے آزاد ہند کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی جاندار چیز کی غلامی ایک المیہ ہوتی ہے۔رجسٹرار نے کہاکہ انہیں اس یونیورسٹی کوترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔اس تقریب میں یونیورسٹی کے دیگر افسران ،اساتذہ اور طلباء بھی موجو دتھے ۔
سرنکوٹ
سرنکوٹ میں سب سے بڑی تقریب بوائز ہائراسکینڈری سکول میں منعقد ہوئی جہاں ایس ڈی ایم سرنکوٹ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے قومی پرچم لہرایا۔اس موقعہ پر انہوںنے ملک کی آزادی کیلئے دی گئی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک یوں ہی آزاد نہیںہوگیابلکہ اس کیلئے عظیم قربانیاں دی گئیں جنہیں ہمیشہ فراموش نہیں کردیناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ہر ایک شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملک کی تحریک آزادی میں حصہ لیا چاہے وہ سیاسی رہنماہوں یا پھر شعراء و ادباء حضرات ۔اس دوران رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔اسی طرح کی ایک تقریب ہائر سکنڈری سکول لسانہ میں بھی منعقد ہوئی جہاںقومی ترنگا ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمد اکرم نے لہرایا ۔انہوںنے اپنے خطاب میں کہاکہ انہیں وطن کی آزادی اور اس ملک کی جمہوریت پر ناز ہے۔انہوںنے کہاکہ اس ملک کی آزادی کی خاطر سب نے اپنا اپنا خون بطور عطیہ دیا ہے، اس میں ہندو، مسلم ،سکھ ،عیسائی سبھی شامل ہیں۔انہوںنے بھائی چارے اور امن کے قیام پر زور دیا۔وہیں گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول بفلیاز میں بھی یوم آزادی کے موقعہ پر ایک تقریب ہوئی جہاںنائب پرنسپل الطاف کاظمی نے ترنگا لہرایا۔ اسی طرح سے مسلم راشٹریا منچ کے ریاستی نائب صدر ایس ایم بشیر اور دیگر تنظیموں کی طرف سے بھی پرچم کشائی کی گئی ۔
منڈی
منڈی میں بھی 71ویں یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔اس سلسلہ کی سب سے بڑی تقریب بوائز ہائر سکنڈری سکول منڈی میں منعقد ہوئی جس میں تحصیلدار منڈی عبدالقیوم نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاس پر سلامی لی۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس عظیم دن پر ضلع پونچھ اور خصوصاً تحصیل منڈی کی عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 71 سال قبل اس ملک کو انگریزوں سے جن لوگوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ دے کر آزادی دلوائی تھی، اس ملک کی آنے والی تمام نسلیں انہیں ہمیشہ یاد کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جس میں مختلف قسم کے مذاہب کے لوگ اپنی زندگی بسر کرتے ہیں اور یہ امتیاز دنیا کے اسی ملک کو حاصل ہے ۔تحصیلدارنے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ افسران ہمیشہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں ۔اس دوران سکولی طلباء کی طرف سے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے اوران میں سے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازاگیا۔ تقریب میں شمیم احمد گنائی، اکبر علی انصاری، فاروق خان، بلال مخدومی ،طارق منظور، فاروق احمد نجار، فاروق خان، کفایت باگن، مبشر بانڈے و تحصیل افسران بھی موجود تھے ۔اس موقعہ پر نظامت کے فرائض پر شبیہ الحسن وار لیکچرارنے انجام دیئے ۔دریں اثناء تحصیل کے مختلف تعلیمی اداروں میں بھی پرچم کشائی کی گئی۔ ساوجیاں اورلورن ہائر سکنڈری سکولوں میں پرچم کشائی کی رسم نائب تحصیلدار ساوجیاں اورپرنسپل ہائر سکنڈری سکول لورن نے انجام دی ۔ روہت میموریل سوسائٹی کی جانب سے وکیشنل ٹریننگ سنٹر میں یوم آزادی کی تقریب منائی گئی ۔ اس موقعہ پر کمانڈنٹ 137 بی ایس ایف نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاس پر سلامی لی۔اس تقریب میں شمیم گنائی، غلام عباس، مولوی محمد فرید، عبدالاحد چک اوردیگران بھی موجو دتھے ۔
تھنہ منڈی
تھنہ منڈی میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب ماڈل بوائزہائر اسکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں منعقد ہوئی جس میں سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا نے قومی پرچم کی سلامی لی ۔اس موقعہ پر سب ڈیویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی چوہدری افتخار احمد،پرنسپل ڈگری کالج تھنہ منڈی ڈاکٹر شکیل احمد رینہ،بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی عابد حسین،زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی،تحصیلدار تھنہ منڈی شاہد اقبال،نائب تحصیلدار فاروق احمد راتھر،پرنسپل بوائز محمد صدیق گنائی اور پرنسپل گرلز منظور احمد گنائی،محکمہ بجلی،تعمیرات عامہ،محکمہ آبپاشی کے افسران کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاسی و سماجی تنظیموں کے کارکنان بھی موجو دتھے ۔اس دوران تھنہ منڈی و گردونواح کے سکولوں کے طلباء نے پہاڑی،کشمیری ،گوجری اور پنجابی زبان میں گیت پیش کئے۔ مارچ پاسٹ اور کلچرل پروگراموں میں اول،دوئم اور سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعا مات تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلے کی ایک تقریب ہائر اسکنڈری اسکول ساج میں منعقد ہوئی جہاںپرنسپل تنویر احمد میر نے نائب تحصیلدار ساج اخترسحر مرزا کے ہمراہ ترنگا جھنڈا لہرایا ۔اس موقعہ پرفوج کے مقامی یونٹ کے میجر پرشانت بھی موجود تھے۔تقریب میں گردو نواح کے سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی اور رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔اس دوران بہترین کارکردگی پیش کرنے والوں کو اعزازات سے نوازاگیا۔وہیںگرلز ہائر اسکنڈری اسکول پلانگڑھ میں پرنسپل مہیش چندر کھجوریہ نے قومی پرچم لہرانے کی رسم ادا کی ۔ہائر اسکنڈری اسکول بہروٹ میں پرنسپل روشن لعل نے پرچم کشائی کی ۔دریں اثناء ہائی اسکول شاہدرہ شریف میں بھی تقریب کا اہتمام کیاگیاجہاں ہیڈ ماسٹر نثار احمد چوہدری نے قومی جھنڈا لہرایا۔اس موقعہ پرکمانڈنگ آفیسر 38 راشٹریہ رائفل راجیو کا شکو دیگر لوگ اور طلباء بھی موجو دتھے ۔ وہیں مڈل اسکول لاح میں بھی پرچم کشائی کی گئی جہاں اکبر چوہدری ،منیر حسین اورہیڈ ماسٹر نثار احمد مرزا بھی موجودتھے ۔
مینڈھر
مینڈھر میں 15اگست کے سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول مینڈھر میں منعقد ہوئی جہاں ایس ڈی ایم مینڈھر نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاس کی سلامی لی ۔اپنے خطاب میں ایس ڈی ایم مینڈھر راہل یادو (آئی اے ایس ) نے کہاکہ اگر سن لوگ مل کر کام کریں گے تو ملک ترقی کی طرف بڑھے گا ۔ انہوں نے پرنسپل گورنمنٹ ڈگر ی کالج مینڈھر ،ایس ڈی پی او مینڈھر کے ہمراہ اُن تمام بچوں کو انعامات سے نوازاجنہوںنے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مینڈھر کے علاوہ گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول ہرنی میں نائب تحصیلدار ہرنی آفتاب حسین شاہ نے جھنڈا لہرا کر مارچ پاس کی سلامی لی ۔ہائر سکینڈری سکول منکوٹ میں تحصیلدار منکوٹ میں محمد صغیر چوہدری نے قومی جھنڈا لہرایا اور مارچ پاس کی سلامی لی۔ہائر سکینڈری سکول چھترال میں نائب تحصیلدار چھترال نے قومی جھنڈا لہرا کر مارچ پاسٹ کی سلامی لی۔ہائر سکینڈر سکول بھاٹا دھڑیاں میں نائب تحصیلدار نے قومی جھنڈا لہرایاجبکہ گورنمنٹ ہائر سکینڈری موہری گورسائی میںپرنسپل اورہائی سکول کسبلاڑی میںنائب تحصیلدار کسبلاڑی عبدالرئوف چوہدری نے قومی جھنڈا لہرا کر سلامی لی ۔ دریں اثناء گورنمنٹ ہائی سکول سنگیوٹ میں ہیڈماسٹر ہائی سکول سنگیوٹ اور 38آر آرکے میجر ایس گاہتک نے قومی جھنڈا لہرا کر مارچ ماسٹ کی سلامی لی۔وہیںگورنمنٹ ہائی سکول دھارگلون میں تحصیلدار بالاکوٹ خادم حسین شاہ نے قومی جھنڈا لہرا یا۔اس موقعہ پر کئی سکولوں نے حصہ لیا جن میںغوثیہ اکیڈمی نے اپنی بہترین کارگردگی پیش کرتے ہوئے پہلے نمبر اور دوسرے نمبر کی پریڈ اور کلچرل پروگرام میں پوزیشن حاصل کرلی ۔