عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//خام تیل کی عالمی قیمتوں میں نرمی، بین الاقوامی جغرافیائی سیاسی صورتحال میں بہتری اور آئی ٹی کمپنیوں کے شیئروں میں زبردست خریداری کے باعث بھارتی اسٹاک مارکیٹ مسلسل دوسرے دن بھی تیزی کے ساتھ بند ہوئی۔بی ایس ای سینسیکس579.48پوائنٹس (0.75فیصد)اضافے کے ساتھ’ 77,502.12‘پر بند ہوا جبکہ این ایس ای نفٹی’169.85‘پوائنٹس (0.71فیصد)چڑھ کر ’24,175.70‘پر پہنچ گیا۔آئی ٹی شعبے میں ’انفوسس‘کے شیئر میں 5.64فیصد،’ٹیک مہندرا‘میں 4.32فیصد،’ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (TCS)‘میں 4.28فیصد اور’ایچ سی ایل ٹیک‘میں 4.12فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ’بجاج فِن سرو، اڈانی پورٹس، ٹائٹن‘ اور ’آئی سی آئی سی آئی بینک‘کے شیئر بھی نمایاں فائدے میں رہے۔
دوسری جانب ’لارسن اینڈ ٹوبرو، ماروتی سوزوکی، ایکسس بینک‘ اور ’ریلائنس انڈسٹریز‘کے شیئروں میں معمولی گراوٹ دیکھی گئی۔عالمی معیار کے خام تیل’برینٹ کروڈ‘کی قیمت 1.45فیصد کم ہو کر ’70.53امریکی ڈالر فی بیرل‘رہ گئی، جس سے بھارتی مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق بھارت اور جاپان کے درمیان اقتصادی شراکت داری، مصنوعی ذہانت (AI)، دفاعی ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں نئے معاہدوں نے بھی سرمایہ کاروں کے جذبات کو تقویت دی۔دوسری جانب ایشیائی منڈیوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ جنوبی کوریا کا ’کوسپی‘ تقریباً 8فیصد گر گیا، جاپان کا ’نکیئی‘اور چین کا ’شنگھائی کمپوزٹ‘بھی خسارے میں رہے، جبکہ ہانگ کانگ کا ’ہینگ سینگ‘معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ادھر غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (FIIs) نے بدھ کے روز 1,140.50کروڑ روپے مالیت کے شیئر فروخت کیے۔