یو این ایس
سرینگر// محکمہ باغبانی کشمیرنے پانچ زرعی ادویات کے نمونوں کو ’مس برانڈڈ‘قرار دیا ہے اور کسانوں کو ان ادویات کے متعلقہ بیچ استعمال نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق یہ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر لاء انفورسمنٹ لالمنڈی سرینگر سے موصول ہونے والی لیبارٹری تجزیاتی رپورٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق زرعی ادویات کے مذکورہ نمونوں کو ایگریکلچر کیمسٹ، لال منڈی سرینگر نے ’مس برانڈڈ‘قرار دیا ہے۔نوٹس میں جن ادویات کو مس برانڈڈ قرار دیا گیا ہے ان میں پڈکار، بینڈاکو اسٹارلیٹ، کومبی ایکس سپراور اِن ٹاپ شامل ہیں۔محکمہ نے ہر دوا کے متعلقہ بیچ نمبر، تاریخِ تیاری، تاریخِ معیاد اور تیار کنندہ یا مارکیٹنگ کمپنی کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔ ان ادویات کو مختلف کمپنیوں، جن میں دھرمج کراپ گارڈ، بایوسٹاڈٹ انڈیا لمیٹڈ، سومی ٹومو کیمیکلز اور انجین آرگینکس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں، نے تیار یا مارکیٹ کیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہارٹیکلچر کشمیر نے کسانوں اور باغبانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مذکورہ بیچوں کی ادویات کے استعمال سے گریز کریں اور صرف مجاز ڈیلروں سے معیاری زرعی ادویات خریدیں تاکہ فصلوں اور باغات کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔