عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سکاسٹ کشمیرکے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹینشن نے سیب کے باغبانوں کیلئے تازہ مشاورتی ہدایات جاری کرتے ہوئے زرعی ادویات کے محفوظ استعمال، مناسب آبپاشی اور باغات کی بہتر دیکھ بھال پر زور دیا ہے۔ ایڈوائزری میں باغبانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ ڈیلروں سے ہی زرعی ادویات خریدیں اور خریداری سے قبل دوا کا بیچ نمبر، رجسٹریشن نمبر، تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ لازماً چیک کریں۔ اس کے علاوہ ہر خریداری کی باقاعدہ رسید حاصل کرنے اور دوا استعمال کرنے سے پہلے اس کے لیبل پر درج ہدایات کو بغور پڑھنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق اسپرے کیلئے ہمیشہ صاف پانی استعمال کیا جائے اور دستانے، فیس ماسک، ایپرن اور دیگر حفاظتی لباس پہن کر ہی زرعی ادویات کا استعمال کیا جائے۔
باغبانوں کو صرف انہی ادویات اور مقررہ مقدار پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جن کی سفارش سکاسٹ کشمیر نے کی ہے جبکہ اسپرے صبح یا شام کے اوقات میں کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ نے باغات میں نمی برقرار رکھنے کیلئے مناسب آبپاشی، درختوں کے گرد چار سے چھ انچ موٹی گھاس کی تہہ بچھانے اور اگر کھاد کی دوسری قسط ابھی تک استعمال نہیں کی گئی تو اسے فوری طور پر ڈالنے کی بھی سفارش کی ہے۔ایڈوائزری میں باغبانوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر سفارش شدہ زرعی ادویات استعمال نہ کریں، مختلف ادویات کو ایک ساتھ ملا کر اسپرے کرنے سے گریز کریں، گدلے یا ٹھہرے ہوئے پانی سے محلول تیار نہ کریں، حفاظتی لباس کے بغیر اسپرے نہ کریں، دوا کی مقررہ مقدار سے کم یا زیادہ استعمال نہ کریں اور شدید گرمی یا دن کے اوقات میں اسپرے سے اجتناب کریں۔