عظمیٰ نیوز سروس
واشنگٹن//امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’مائیکروسافٹ‘آئندہ ہفتے ملازمین کی ایک نئی بڑی تعداد کو فارغ کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں 5,500 سے زائد ملازمتیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔’بزنس انسائیڈر‘کی رپورٹ کے مطابق ممکنہ چھانٹیاں کمپنی کی عالمی افرادی قوت کے 2.5 فیصد سے کم حصے پر مشتمل ہوں گی۔ اس اقدام سے سیلز، کنسلٹنگ اور ’ایکس باکس (Xbox)‘گیمنگ ڈویژن سمیت مختلف شعبے متاثر ہو سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق 30 جون 2025 تک مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں تقریبا 2 لاکھ 28 ہزار مستقل ملازمین تھے۔ اگر مجوزہ چھانٹیوں کا حجم 2.5 فیصد سے کم رہا تو متاثرہ ملازمین کی تعداد تقریبا 5,700 سے کم ہوگی۔اگرچہ مائیکروسافٹ نے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی کاروباری ڈھانچے کو مزید مثر بنانے، اخراجات میں کمی اور تنظیمِ نو کے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔دوسری جانب کمپنی مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاوڈ کمپیوٹنگ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ مائیکروسافٹ اے آئی پر مبنی مصنوعات کی توسیع کے ساتھ دنیا بھر میں نئے ڈیٹا سینٹرز بھی قائم کر رہی ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ماہرین کے مطابق مائیکروسافٹ سمیت کئی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے وسائل روایتی شعبوں سے ہٹا کر مصنوعی ذہانت، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اور کلاوڈ انفراسٹرکچر پر مرکوز کر رہی ہیں، جس کے باعث افرادی قوت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔واضح رہے کہ مائیکروسافٹ اس سے قبل بھی متعدد مراحل میں ملازمین کی تعداد کم کر چکی ہے۔ گزشتہ برس کمپنی نے اپنی عالمی افرادی قوت میں تقریبا 4 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا، جس سے انجینئرنگ سمیت کئی شعبے متاثر ہوئے تھے۔