حیدر بیگ تلگام رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل | ٹرانسپورٹروں اور مقامی لوگوں کو مشکلات ،سڑک کی مرمت کا مطالبہ

بارہمولہ //حیدربیگ  بارہ مولہ سے تلگام پٹن کی رابطہ سڑک خستہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کاسامنا ہے۔گزشتہ کئی سال سے حکومت نے اس سڑک کی مرمت نہیں کی ہے جس کی وجہ سے سڑک جگہ جگہ اکھڑ گئی ہے اور اس میں گڑھے پیداہوئے ہیں جن کی وجہ سے ٹرانسپوٹرو ں کو اس سڑک پر گاڑیاں چلانے میں دشواریاں پیش آتی ہیں اور ان کی گاڑیوں کے پرزے ڈھیلے پڑجاتے ہیں۔غلام حسن نامی ایک مقامی شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قریب چودہ کلومیٹر لمبی سڑک پر ہرچار قدم کے بعد تارکول اورباجری اکھڑجانے سے گڑھے پیداہوئے ہیں جن کی وجہ سے گاڑیوں اورپیدل لوگوں کو اس سڑک پرچلنے میں دشواریاں پیش آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ مذکورہ سڑک کی مرمت کاکام حکومت نے2018میں ہاتھ میں لیاتھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بناپر پھر سڑک کی تعمیروتجدید کا کام ادھورا چھوڑ اگیااور تب سے یہ سڑک مزید خستہ ہوگئی ہے۔ایک اورشہری نے کہا کہ اگر چہ اس سال متعددسڑکوں کی مرمت کی گئی لیکن اس سڑک کوحکام نے نظراندازکیا ۔انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران اس سڑک پرجگہ جگہ پانی جمع ہوتا ہے اور یہ سڑک جھیل کامنظر پیش کرتی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حال ہی میں سوموڈرائیوروں نے بھی اس سڑک کے خستہ ہونے کی وجہ سے اس پر اپنی سروس کئی روزبند کی ۔ادھرمقامی ڈرائیوروں نے بھی شکایت کی کہ ان کی گاڑیوں کواس خستہ حال سڑک پر چلنے سے نقصان ہوتاہے۔لوگوں نے لیفٹینٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی فوری تعمیروتجدید کویقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔