عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کانگریس نے حکمراں بی جے پی کے اس اقدام پر سخت اعتراض کیا ہے کہ حکومت سازی کے عمل سے قبل ایل جی سے اپنے پانچ لیڈروں کو قانون ساز اسمبلی کے لیے نامزد کیا جائے اور اس طرح کے کسی بھی اقدام کو غیر جمہوری اور لوگوں کے مینڈیٹ کے خلاف قرار دیا اور ایل جی سے کہا کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام سے باز آجائیں۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جے کے پی سی سی نے ایسے کسی بھی اقدام کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے مینڈیٹ کو شکست دینے کی کوشش ہے۔ سینئر نائب صدر اور ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی میں 5ارکان کو نامزد کرنے کا اختیار نئی حکومت کے پاس ہونا چاہئے، ورنہ یہ لوگوں کے مینڈیٹ کو شکست دینے کی کوشش ہوگی اور ایسی کوئی بھی مشق جمہوری اصولوں کے منافی ہوگی اور عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ ایک اور غداری ہوگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام نے حکومت بنانے کے لیے اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ انتخابات میں جس کو بھی اکثریت ملے اسے حکومت بنانے کا موقع دیا جائے۔ اس دوران کانگریس نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ سابق نائب وزیراعلیٰ ور چھمب سےامیدوارتارا چندپر یکم اکتوبر کو دیر شام اپنے آبائی گاؤں میں واقع رہائش گاہ پر جسمانی نقصان پہنچانے کی کوشش کے مبینہ واقعہ میں ملوث مجرموں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کرے۔اس سلسلے میں رویندر شرما نے ووٹنگ کے دن -یکم اکتوبر کی شام کو اپنی رہائش گاہ چک ملال میں اس طرح کے ایک واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جب مبینہ طور پر ہتھیاروں کے ساتھ کچھ افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی۔انکاکہناتھا کہ معاملے کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور الیکشن کمیشن کو دی گئی، تاہم اس معاملے میں مناسب کارروائی کا ابھی انتظار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس معاملے میں بلا تاخیر سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔