حکومت اپنے دعوئوں کو سچ ثابت کردکھائے:قیوم وانی

سرینگر//سول سوسائٹی فورم نے کشمیرمیں کووِڈویکسینوں کی نایابی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور وادی میں کورونا مخالف ٹیکوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدام کرنے پر زوردیا ہے۔ایک بیان میں سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ وادی میں کووِڈ ٹیکوں کی نایابی نے لوگوںمیں اضطراب پیدا کیاہے اور انہیں حکومت کی طرف سے کورونا ٹیکہ کاری کیلئے مخصوص مراکز سے واپس کیاجارہا ہے۔ قیوم وانی نے کہا کہ حکام وادی میں معقول تعداد میں کورونا ٹیکوں کی دستیابی کا ڈھنڈورا پیٹتے تھے مگر ان کے دعوے حقیقت کے برعکس ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گھر گھر جاکر ٹیکہ کاری مہم کا کیافائدہ ہے جب حکومت کے ٹیکہ کاری مراکز پر ویکسین دستیاب ہی نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کاجرثومہ لوگوں میں رنگ ،مذہب ،جغرافعیہ کی تمیز نہیں کرتا ،تو ویکسینوں کی دستیابی میں امتیاز کیوں برتا جارہا ہے؟انہوں نے حکومت کو اپنے دعوئوں کو سچ ثابت کردکھانے پرزوردیا۔