جموں //نیشنل کانفرنس کے ایک وفدکی ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کے بعد پارٹی کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا نے کہاہے کہ حساس معاملات اور سیاسی تعیناتیاں منتخبہ جمہوری حکومت پر چھوڑ دی جائیں ۔جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے بتایاکہ نیشنل کانفرنس کے ایک وفد نے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کرکے ریزرو اسمبلی نشستوں کی روٹیشن اور عدالت میں زیر سماعت معاملات سمیت کئی مسائل پر بات چیت کی جس دوران گورنر نے انہیں اطمینان بخش یقین دہانی دی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ گورنر کی طرف سے یہ یقین دہانی دی گئی ہے کہ ان کی انتظامیہ اپنی توجہ گورننس پر دے گی اور قانونی و آئینی معاملات کو نو منتخب حکومت پرچھوڑ دیاجائے گا۔ رانا نے کہاکہ گورنر سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ وفد میں سرجیت سنگھ سلاتھیہ ،اجے کمار سدھوترا، سجاد احمد کچلو، بابو رام پال، کشمیرا سنگھ، ڈاکٹر کمل اروڑہ ، برج موہن شرما، ایس ترلوچن سنگھ وزیر، شیخ بشیر احمد اور قاضی جلال الدین بھی شامل تھے ۔انہوں نے بتایاکہ انہوںنے گورنر کی توجہ ان میڈیا رپورٹوں کی جانب مبذول کروائی کہ بی جے پی کشتواڑ، بشناہ ، بلاور، نگروٹہ ، وجے پور، اکھنور اور رام نگر کی اسمبلی نشستوں کو ریزرو کرکے اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوششیں کررہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ بھاجپا نوشتہ دیوار پڑھ لے اور لوگ اپنے ساتھ ہوئی وعدہ خلافیاں کبھی نہیں بھول سکتے ۔رانا کاکہناتھاکہ بھاجپا کی اس طرح کی حکمت عملی سے اس کی بوکھلاہٹ کا اندازہ ہوتاہے ۔ حدبندی اور ریزرو نشستوں پر بات کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ قانون ساز اسمبلی نے دو تہائی اکثریت سے 2026تک اسمبلی کی نئی حد بندی کے خلاف ووٹ کو منظوری دی ہے اور اسی طرح سے اس کے ایک سال بعد2011میں بھیم سنگھ بنام ریاستی سرکار ایک کیس میں سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ سنادیا۔ انہوںنے کہاکہ وہ امید کرتے ہیں کہ آئینی فیصلوں کی قدر کی جائے گی ۔رانانے کہاکہ گورنر نے یقین دلایاہے کہ آئینی نوعیت کے معاملات منتخبہ حکومت پر چھوڑ دیئے جائیں گے اور انہیں یقین ہے کہ گورنر اپنے وعدے پر کاربند رہیں گے اور بھاجپا کی طرف سے کی جانے والی کوششیں ناکام ثابت ہوں گی ۔ رانا نے بتایاکہ وفد نے گورنر پر زور دیاکہ وہ حساس معاملات سیاسی حکومت پر چھوڑ دیں ۔کھادی و ولیج بورڈ کی تشکیل نوسے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رانا نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اس معاملے پر بھی گورنر کے سامنے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیاکہ راج بھون کوان معاملات میں غیر جانبدارانہ رویہ برقرار رکھناچاہئے ۔رانانے کہاکہ آئندہ انتخابات میں نیشنل کانفرنس بھاری منڈیٹ حاصل کرکے ایک مضبوط حکومت تشکیل دے گی ۔انہوںنے کولیشن کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہاکہ پارٹی انتخابات اپنے بل بوتے پر لڑے گی ۔