جاوید اقبال
مینڈھر// جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات جوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنی آپریشنل صلاحیتوں، تربیت اور نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں۔انہوں نے یہ بات راجوری کے بھمبر گلی سیکٹر میں اگلے مورچوں کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے جوانوں سے بالمشافہ ملاقات کی۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جی او سی وائٹ نائٹ کور لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جی او سی ایس آف اسپیڈز ڈویژن میجر جنرل کوشِک مْکھرجی کے ہمراہ بھمبر گلی سیکٹر کے حساس اور اہم اگلے علاقوں کا دورہ کیا۔اس دورے کا بنیادی مقصد لائن آف کنٹرول پر موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران متعلقہ فیلڈ کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران نے جی او سی کو اپنی تیاری، جاری تربیتی سرگرمیوں، جدید نگرانی کے نظام، درست نشانہ بندی کی صلاحیت، اور مجموعی آپریشنل مہارت کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی۔افسران نے بتایا کہ جوان ہر موسم اور ہر قسم کی صورتحال میں مکمل مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جوانوں کی ہمت، حوصلے اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایل او سی جیسے حساس محاذ پر چوکنا رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کے بدلتے ہوئے حالات اور درپیش نئے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے آپریشنل تربیت، جنگی مہارتیں، جدید نگرانی اور درست نشانہ بندی جیسے پہلوؤں میں مسلسل بہتری ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی کامیابی جوانوں کی لگن، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ہمہ وقت تیار رہنے کی صلاحیت پر منحصر ہے، اور ایل او سی کے جوان ان معیارات پر پورا اترتے ہیں۔