جموں //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر وممبر اسمبلی نگروٹہ دیوندر سنگھ رانا نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں امن کی بحالی کیلئے ریاسی ومرکزی سرکار جو بھی قدم اٹھانا چاہتے ہیں اٹھائیں لیکن ریاست میں امن کا ماحول قائم کریں کیونکہ ریاست میں اس وقت ڈر اور خوف کا ماحول ہے ۔قانون ساز اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے رانا نے کہا کہ دہشت گرد ی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اُس کے خلاف ہر ایک کو آواز بلند کرنی چاہئے لیکن جہاں ہم سب اس سے لڑنے کیلئے اکھٹے ہوں گے ،وہیں ریاستی اور مرکزی سرکار کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ہر شخض کی جان ومال کی حفاظت کرے ۔رانانے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ’’ ہمارے لوگ شہید ہو رہے ہیں، ہمارے فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں آخر اس کو کہیں نہ کہیں تو روکنا ہے ۔‘‘انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی سرکار کو ہر وہ قدم اٹھانا چاہئے جس سے کہ جموں وکشمیر میں امن کی بحالی ہو ،امن قائم ہو آج جموں وکشمیر میں خوف کا ماحول ہے ڈر کا ماحول ہے اُس ڈر کے ماحول کو ہٹانے کا کام ریاستی اور مرکزی سرکاری کہ زمہ داری بنتی ہے اور انہیں اس کیلئے کوششیں کرنی چاہیں ۔ایک سوال کے جواب میں رانا نے کہا ’’ ٹاک اور ٹیررایک ساتھ نہیں چل سکتیں اور نہ جنگ اس کا کوئی حل ہے ۔‘‘انہوں نے کہا کہ نعرے دینے سے کچھ بھی نہیں ہو گا اور نہ ہی کچھ پیش رفت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ لوگ مر رہے ہیں نوجوان بچے مر رہے ہیں فوجی جوان مر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کبھی سنجوان ہو رہا ہے کبھی کرنگر ،تو کبھی سرحدوں پر گولہ باری سے لوگ مرتے ہیں اس لئے مرکزی سرکار کو جو کرنا ہے وہ کریں لیکن ریاست میں امن کی فضا کو بحال کریں ۔