عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہائی کورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ نے ان 67 امیدواروں کے لیے دوبارہ امتحان منعقد کرنے کا حکم دیا ہے، جو امتحانی مرکز پر سوالیہ پرچوں اور دیگر امتحانی مواد کی کمی کے باعث جونیئر اسسٹنٹ کی بھرتی کا امتحان نہیں دے سکے تھے۔ رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق، ہائی کورٹ میں جونیئر اسسٹنٹ کی اسامیوں کے لیے تحریری امتحان 19 جولائی کو جموں کشمیر کے مختلف مراکز پر ایک آؤٹ سورس ایجنسی کے ذریعے منعقد کیا گیا تھا۔
امتحان کے دوران ہائی کورٹ کو اطلاع دی گئی کہ جموں انسٹی ٹیوٹ آف آیورویدا اینڈ ریسرچ، ناردنی، کوٹ بلوال میں امتحانی مواد کم پڑ گیا۔ اس کے نتیجے میں امتحان دینے کے لیے مرکز پر پہنچنے والے 67 امیدواروں کو او ایم آر شیٹس اور سوالیہ کتابچے فراہم نہیں کیے جا سکے اور وہ امتحان میں شامل نہیں ہو سکے۔حکم نامے کے مطابق، رجسٹرار ریکروٹمنٹ نے یہ معاملہ ہائی کورٹ کے نوٹس میں لایا۔ اس کے بعد ہائی کورٹ نے فیصلہ کیا کہ متاثرہ 67 امیدواروں کو امتحان میں شامل ہونے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔حکم نامے میں کہا گیا: “مذکورہ وجہ سے امتحان میں شامل نہ ہونے والے باقی 67 امیدواروں کو اشاعت کے ذریعے مطلع کیا جائے گا کہ ان کا امتحان دو ہفتوں کے اندر دوبارہ منعقد کیا جائے گا، جس کی تاریخ، وقت اور مقام کے بارے میں آئندہ دو دن کے اندر اطلاع دی جائے گی۔” دوبارہ امتحان دو ہفتوں کے اندر منعقد کیا جائے گا، جبکہ اس کا شیڈول اور مقام آئندہ دو دن کے اندر جاری کیا جائے گا۔