عظمیٰ نیوزسروس
جموں//انٹرنیشنل بارڈر کے قریب کاناچک علاقے میں اتوار کے روز سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا، جب خفیہ ایجنسیوں نے مشتبہ ملی ٹینٹوںکی سیٹلائٹ فون پر ہونے والی گفتگو کو ٹریس کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ مواصلاتی رابطہ تھورایا سیٹلائٹ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا تھا، جس کے بعد جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ ، بارڈر سیکورٹی فورس ، سی آر پی ایف اور فوج نے مشترکہ طور پر آپریشن شروع کیا۔کاناچک علاقہ، جو جموں شہر کے مضافات میں واقع ہے اور انٹرنیشنل بارڈر سے محض ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، ماضی میں بھی ملی ٹینٹوں کی دراندازی کےلئے استعمال ہوتا رہا ہے۔ حکام کے مطابق پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور تلاشی کارروائی جاری ہے۔سیکورٹی فورسز نے جموں کے دیگر علاقوں بشمول بلند پہاڑی علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن میں تیزی لا دی ہے تاکہ خطے میں سرگرم مبینہ درجنوں ملی ٹینٹوں کا سراغ لگا کر انہیں بے اثر کیا جا سکے۔