سرینگر//ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو مزید بڑھانے کیلئے آکسیجن جنریٹنگ پلانٹس قائم کئے جا رہے ہیں۔ ڈویژنل کمشنر کہا کہ اہم اسپتالوں میں 37 نئے آکسیجن جنریٹنگ پلانٹس قائم کئے جا رہے ہیں ، جن میں سے 20 پلانٹ اب تک لگ چکے ہیں۔ پولے نے کہا کہ نجی آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ 17 ہزار کیوبک میٹر آکسیجن پیداکر رہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں درکار آکسیجن کی تعداد ابھی 14 ہزار کے آس پاس ہے ، اس لحاظ سے کشمیر میں آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے۔ پی کے پولے نے کہا کہ انتظامیہ محکمہ صحت کے اشتراک سے ہر ضلع میں کمیٹیاں تشکیل دینے جا رہی ہے ، جو اسپتالوں میں آکسیجن کے صحیح استعمال کو ممکن بنانے کیلئے سرگرم عمل رہیں گی۔ یہ کمیٹیاں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ آکسیجن ضائع نہ ہو اور مریضوں کو ضرورت کے مطابق ہی آکسیجن فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈویژنل کمشنر نے ڈی سی اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا و دیگر افسران کے ہمراہ بجبہاڑہ کے ٹراما اسپتال اور گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں بھی کووڈ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈویڑنل کمشنر نے کوویڈ کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے عوام سے افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے سخت احتیاطی تدابیر سے کام لینے اور گھروں کے اندر ہی رہنے کی اپیل کی۔ جبکہ متعلقین کو کووڈ وبا کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے مزید کہا کہ 18 سے 45 برس کے افراد کیلئے ویکسینیشن عمل میں جلد ہی سرعت لائی جائے گی اور ترجیحی بنیادوں پر اس گروپ سے منسلک افراد کی ویکسینیشن کی جائے گی۔