عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نو منتخب تینوں راجیہ سبھا اراکین چودھری محمد رمضان، سجاد کچلو اور شمی اوبرائے نے نائب صدر رادھا کرشنن سے ملاقات کی اور انہیں اعلیٰ منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔این سی وفد نے نائب صدر کو جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش اہم مسائل اور ترقیاتی چیلنجوں سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ اراکین پارلیمنٹ نے بنیادی ڈھانچے کی کمی، روزگار کے محدود مواقع، اقتصادی رفتار میں جمود، اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے خطے کی مجموعی صورتحال سے بھی نائب صدر کو مکمل طور پر واقف کرایا اور امید ظاہر کی کہ مرکزی سطح پر مستقل توجہ جموں و کشمیر کی ترقی میں نئے امکانات پیدا کرے گی۔ نائب صدر نے وفد کی جانب سے پیش کردہ امور پر گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے وسیع ترقیاتی امکانات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی ہمہ جہت ترقی کے لیے خصوصی توجہ اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔