جموں//نیشنل پنتھرًس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستانی پارلیمنٹ سے پرزور اپیل کی ہے کہ 1947میں ہندستان کے ساتھ جموں وکشمیر کے انضمام میں وادی کشمیر کے لوگوں کی عظیم قربانیوں کو نہیں بھولے جنہوں نے ہندستان کے ساتھ دستخط الحاق نامہ پر دستخط کرنے والے حکمراں مہاراجہ ہری سنگھ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسے مضبوطی بخشی ۔ انہوں نے کہاکہ مہاراجہ نے الحاق نامہ پر دستخط کرکے تین امور دفاع، خارجی امور ، مواصلات اور دیگر متعلقہ امور 26اکتوبر 1947کو ہندستان کے حوالے کردیئے تھے۔ ہندستان کے ساتھ اسی طرح کے الحاق نامہ پر دیگر 575حکمرانوں نے بھی دستخط کئے تھے۔ مہاراجہ ہری سنگھ کوالحاق نامہ پر دستخط کے فوراََ بعد ہی جموں وکشمیر چھوڑنے کے لئے مجبور کیا گیا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر کے ساتھ انضمام کی حمایت میں ریاست کے لوگوں کی قربانیوں کو یاد دلایا۔ انہوں نے کہاکہ ہندستانی پارلیمنٹ نے شیخ عبداللہ، مرزا افضل بیگ اور دیگر کی قربانیوں اور حب الوطنی کے عزم کے مطابق اپنا کردار ادا نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیوں ہندستانی جھنڈا اور ہندستانی آئین بنیادی حقوق کے ساتھ جموں وکشمیر میں نافذ نہیں ہے۔کیوں جموں وکشمیر کے لوگوں کو ہندستانی قومی پرچم اور ہندستانی آئین نہیں دیا گیا۔ کیوں ہندستانی پارلیمنٹ 70برسوں سے اس معاملہ پر خاموش ہے۔