عظمیٰ نیوزسروس
جموں//حکام نے بتایاکہ انتظامیہ نے جمعرات کو یہاں مبینہ طور پر منشیات فروشوں کے3مکانات کو مسمار کر دیا۔حکام نے بتایاکہ جموںپولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی بھاری تعیناتی کے درمیان، حکام نے راجیو نگر علاقے میں مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کئے گئے ڈھانچے کو منہدم کردیا۔ایک سینئرعہدیدار نے بتایا کہ مسمار کرنے کی مہم خطے میں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ ہم نے یہاں 2سے3 مہینے پہلے اسی طرح کی ایک مہم چلائی تھی۔
اس کے بعد سے کچھ اور منشیات فروشوں کی شناخت ہوئی ہے، اور وہ فی الحال فرار ہیں۔ منشیات کے کاروبار سے کمائے گئے پیسوں سے تعمیر کیے گئے غیر قانونی ڈھانچے کو آج مسمار کیا جا رہا ہے۔ 3ڈھانچوں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات سے متعلق سرگرمیاں ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور ہمارے بچوں کو برباد کر رہی ہیں۔اس دوران 3مشتبہ منشیات فروشوں سانبہ میں منشیات کیساتھ گرفتار کیا گیا۔حکام نے جمعرات کو بتایاکہ پولیس نے جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں3مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے ہیروئن نما مادہ برآمد کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ جاری ’نشا مکت ابھیان‘ کے ایک حصے کے طور پر، ایک پولیس ٹیم وجئے پور علاقے میں رکھ باروٹیاں کی طرف جانے والی لنک روڈ پر چیکنگ کر رہی تھی، جب انہوں نے اسکوٹی میں سفر کرنے والے 3افراد کو روکا۔چیکنگ کے دوران ان تینوں سے ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا جن کی شناخت راہول شرما، سنجو بھگت اور نرمل کمار کے طور پر ہوئی، سبھی جموں کے رہنے والے ہیں۔پولیس نے گاڑی سمیت منشیات قبضے میں لے لی۔ عہدیداروں نے مزید کہا کہ وجئے پور پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔