جموں//سیاحوں کو راغب کرنے اور طلبا و تجار کے فائدے کے پیش نظر جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ (جے ایس سی ایل) نے سمارٹ سٹی مشن کے تحت مفت وائی فائی سروس کو مزید 20 مقامات تک پھیلانے کا فیصلہ لیا ہے ۔یہ معاہدہ جے ایس سی ایل کے چیف ایگزیکیٹو افسر انوی لواسہ اور ایل ایم ای ایس کے ڈائریکٹر کے درمیان طے پایا۔معاہدے کے مطابق مفت وائی فائی ہاٹ سپاٹس کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں، ریلوے اسٹیشن جموں، کنال روڈ جموں، جموں یونیورسٹی، ترکوٹہ نگر،شاستری نگر اور دیگر علاقوں میں نصب کیا جائے گا۔مفت وائی فائی سروس کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ اس کے پہلے مرحلہ میں لوگوں کا کافی اچھا رسپانس دکھانے کے بعد لیا گیا۔بتادیں کہ سمارٹ سٹی مشن کے تحت مفت وائی فائی سروس کی فراہمی کے پہلے مرحلے کے دوران جموں کے 16 مقامات پر ہاٹ سپاٹس نصب کئے گئے جس سے روزانہ بنیادوں پر 11 سو لوگ مستفید ہوتے ہیں۔ان ہاٹ سپاٹس کے ساتھ ماہانہ زائد از 45 سو لوگ جڑ جاتے ہیں۔جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے سی ای او انو لواسہ نے کہا کہ ہم لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی سمارت سٹی کا ایک اہم جز ہے اور اس مشن کے تحت شہری بنیادی ڈھانچے کے کئی دیگر منصوبوں کو بھی روبہ عمل لایا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ جے ایس سی ایل نے سمارٹ سٹی مشن کے تحت جموں میں اب تک زائد از 671 کروڑ روپیوں کی لاگت سے 39 پروجیکٹ مکمل کئے ہیں جبکہ زائد از 1294 کروڑ روپیوں کی لاگت کے 45 پروجیکٹس زیر تعمیر ہیں۔