عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ضلع انتظامیہ نے جمعہ کے روز جموں شہر کے مضافاتی علاقوں میں دو مبینہ منشیات فروشوں کی رہائشی املاک کو منہدم کر دیا، جو منشیات کی اسمگلنگ اور تجارت میں ملوث افراد کے اثاثوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے، حکام نے بتایا۔انہوں نے کہا کہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ بلڈوزر میراں صاحب کے اندرا نگر کالونی پہنچے اور علاقے میں دو منشیات فروشوں کے مکانات کو مسمار کر دیا۔حکام کے مطابق دونوں افراد کے خلاف نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹرپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں، اور یہ کارروائی ‘نشہ مکت جموں کشمیر ابھیان’ کے تحت عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر سب ڈویژنل مجسٹریٹ آر ایس پورہ، انورادھا ٹھاکر اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر گرمیٹ سنگھ بھی موجود تھے۔اسی نوعیت کی ایک کارروائی میں جمعرات کے روز جموں شہر کے راجیو نگر علاقے میں تین مبینہ منشیات فروشوں کی رہائشی املاک کو مسمار کیا گیا تھا۔اس سے قبل 18 اپریل کو بھی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بیلی چرنا علاقے میں این ڈی پی ایس کے تحت ملزمان کی دو رہائشی املاک کو منہدم کیا تھا۔