جموں//جموں خطہ میں ڈینگو کے مریضوں کی تعداد 1500 سے زیادہ ہونے کے درمیان ایس ایم جی ایس ہسپتال میں ایک 12 سالہ لڑکے کی ڈینگو سے موت ہو گئی۔ایک عہدیدارنے بتایا کہ لڑکے کو 18 نومبر کو ایس ایم جی ایس ہسپتال کے ایمرجنسی ونگ میں داخل کیا گیا تھا اوراسے تین دن سے شدید بخار، پیٹ میں درد اور الٹیاں تھیں۔حکام نے ابتدائی طبی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری طور پر ضروری دیکھ بھال فراہم کی گئی لیکن ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور انہیں ایس ایم جی ایس ہسپتال کے ڈینگووارڈ سے پیڈیاٹرکس آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ مریض کے لیے مکمل طبی اقدامات کے باوجود اس کی حالت مزید بگڑ گئی۔حکام نے کہا”تاہم18 نومبر 2021 کو رات 8:55 منٹ پراس کی حرکت قلب بند ہوگئی جہاں سے مریض کو زندہ نہیں کیا جا سکااوربعد میں اسے مردہ قرار دیا گیا“۔عہدیداروں نے بتایا کہ ”لڑکے کی حالت پہلے سے ہی سنگین تھی اور اسے دیر سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کی پوری کوشش کی“۔ جموں و کشمیر میں یہ چوتھی موت تھی۔دریں اثنا حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جی ایم سی جموں میں ڈینگو سے متاثرہ 560 سے زائد افراد کا داخلہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور تقریباً 10 اب بھی زیر علاج ہیں۔آج تک عہدیدارنے کہاکہ ڈینگو سے متاثرہ 250 سے زیادہ مریض ایس ایم جی ایس ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں خطہ میں اب تک ڈینگو کے 1500 سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں اور ان میں سے 889 جموں کے آبادی والے شہری علاقوں سے سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا"سردیوں کا موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی کیس کم ہو رہے ہیں تاہم کیس جموں کے آبادی والے علاقوں اور یہاں تک کہ آر ایس پورہ، بشناہ– جموں ضلع کی دیہی پٹی سے آرہے ہیںجو تشویش کا باعث ہے“۔