عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش اور شدید برفباری کے باعث جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کو بجلی کی طلب میں غیر معمولی کمی کا سامنا کرنا پڑا، جو صبح تقریباً 4بجے 140میگاواٹ تک گر گئی۔ تاہم، جے پی ڈی سی ایل کی جانب سے مسلسل بحالی کی کوششوں کے نتیجے میں بجلی کا موجودہ لوڈ بتدریج بڑھا کر 891میگاواٹ تک بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ معمول کے مطابق اوسط چلتا ہوا لوڈ تقریباً 1150میگاواٹ رہتا ہے۔سب ٹرانسمیشن سطح پر 66/33کے وی کی 181لائنوں میں سے 161لائنیں بحال کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح ڈسٹری بیوشن سطح پر 11کے وی کے 1373فیڈرز میں سے 740فیڈرز کو بحال کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی قابلِ رسائی فیڈرز کی بحالی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔کچھ علاقوں میں بحالی کے عمل کی رفتار برف سے ڈھکے اور بارش سے متاثرہ مقامات تک رسائی نہ ہونے کے باعث سست روی کا شکار ہے، بالخصوص پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں۔ زیادہ متاثرہ اضلاع میں پونچھ، راجوری، کٹھوعہ، ڈوڈہ، ادھم پور، ریاسی، رام بن، کشتواڑ اور سانبہ کے حصے شامل ہیں۔ضلع جموں میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو شدید بارش، تیز ہواؤں اور درختوں کے گرنے کے باعث نقصان پہنچا ہے، جس سے ہائی ٹینشن (ایچ ٹی) اور لو ٹینشن (ایل ٹی) لائنیں متاثر ہوئیں۔جے پی ڈی سی ایل نے نقصانات کا جائزہ لینے اور بجلی کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب افرادی قوت، مشینری اور مواد تعینات کر دیا ہے۔